ریاض .... اقوام متحدہ نے مذاہب کی مشاورتی کونسل کا سربراہ سعودی شہری فیصل بن عبدالرحمن بن معمر کو منتخب کرلیا۔ وہ فن لینڈ کی ادارہ امداد کونسل کی چیئرپرسن کے ساتھ مذاہب کی مشاورتی کونسل کے سربراہ ہونگے۔ بن معمر کو 50عالمی ادارو ںنے نامزد کیا تھا۔ وہ مکالمہ بین المذاہب کے کنگ عبداللہ عالمی مرکز کے سیکریٹری جنرل ہیں۔ بن معمر نے خود کو سربراہ منتخب کئے جانے پر اقوام متحدہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ میرا انتخاب بنیادی طور پر مکالمہ بین المذاہب کی عالمی تنظیم کی کارکردگی کا اعتراف ہے۔ اس تنظیم نے سب لوگوں کا اعتماد حاصل کیا۔ خصوصاً اقوام متحدہ کی متعلقہ تنظیموں نے اس پر بھروسہ کیا۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ ہمیں کامیابی حاصل کرنے کیلئے ہر سطح پر مذہبی اداروں اور پیشواﺅں کے ساتھ مدلل مکالمہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہمارا ادارہ تمام مذاہب کے پیرو کاروں اور پالیسی سازوں کے درمیان مفاہمت کے پل تعمیر کرنے کیلئے مکالمہ پالیسی پر گامزن ہے۔