Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لبنان: فلسطینی مہاجر زہر خورانی کی سازش کے الزام میں گرفتار

بیروت .... لبنان میں سکیورٹی فورسز نے داعش سے مبینہ طور پر تعلق رکھنے والے ایک فلسطینی مہاجر کو زہر خورانی کی دو سازشوں میں ملوث ہونے کے ا لزام میں گرفتار کر لیا ہے۔اس مشتبہ فلسطینی نے لبنانی فوج کو مہیا کیے جانے والے پانی اور بیرونی کھانے میں زہر ملانے کی کوشش کی تھی۔ لبنان کی جنرل سکیورٹی فورسز نے ایک بیان میں کہا کہ یہ فلسطینی مہاجر 1991ءمیں پیدا ہوا تھا ۔اس نے شام میں داعش کے ایک رکن سے روابط کا اعتراف کیا ہے۔اسی نے اس کو دھماکا خیز مواد اور زہر تیار کرنے کا کام سونپا تھا۔اس نے بیرون ملک ایک اور شخص کے ساتھ مل کر اس تمام سازش کو عملی جامہ پہنانا تھا۔ان میں سے ایک نے لبنانی فوج کے پانی کے ٹینکوں میں زہر ملانا تھا۔ان ٹینکوں سے فوج کے ٹرکوں کے ذریعے روزانہ بیرکوں میں پانی مہیا کیا جاتا ہے۔دوسرے شخص نے باہر کے ایک ملک میں عام تعطیل کے دن کھانے میں زہر ملانا تھا تاکہ لوگوں کو اس طرح بڑے پیمانے پر ہلاک کیا جا سکے۔سکیورٹی فورسز نے فلسطینی مہاجر کو متعلقہ عدالتی حکام کے حوالے کر دیا ہے اور اب وہ اس تمام سازش میں ملوث دوسرے افراد کی تلاش میں ہیں۔ 

شیئر: