جدہ: ہاؤس آف اسلامک آرٹس میں اسلامی سکوں اور تہذیب کی جھلک
عجائب خانہ، نمائش کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
جدہ پارک میں ’ہاؤس آف اسلامک آرٹس‘ ایک ممتاز ثقافتی پلیٹ فارم بن گیا ہے جہاں اسلامی ادوار کے نایاب سِکّے اور نوادارات لوگوں کے سامنے رکھے گئے ہیں۔ یہ نوادارت مختلف صدیوں میں دنیا بھر میں اسلام کی معاشی، سیاسی اور ثقافتی تاریخ کی ایک دستاویز کا کام بھی دے رہے ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق جدہ کے اس عجائب خانے میں نمائش دیکھنے کے لیے آنے والوں کو اعلٰی معیار کا ایک تعلیمی تجربہ دیکھنے کو ملتا ہے جس کا محور ہزاروں برس پر محیط سِکّے ہیں۔
ان میں سے کچھ کا تعلق ابتدائی اسلامی ریاست سے بھی ہے۔ علاوہ بریں، بنی امیہ اور بنو عباس کی حکومتوں کے ادوار کے سِکّے بھی عجائب خانے میں رکھے گئے ہیں جو ایک کے بعد آنے والی دوسری اسلامی حکومتوں کے مالیاتی نظام اور تہذیبوں کے مختلف مراکز کے تنوع کو ظاہر کرتے ہیں جو کبھی اسلامی دنیا میں پھلے پھولے تھے۔
عجائب خانہ، نمائش کے لیے جدید ٹیکنالوجی استعمال کر رہا ہے جس کے ذریعے علم اور وژوئل دلچسپی یکجا ہو جاتے ہیں۔ اس طرح نمائشں میں شریک افراد کو اسلامی زمانے کے سِکّوں کے بارے میں ثبوت کے طور پر مزید معلومات مل جاتی ہیں جو اس وقت کی تجارت، اسلامی دور کی وسعت اور اسلامی تہذیب کے مختلف مراکز کے پھیلاؤ کی گواہ ہیں۔

’ہاؤس آف اسلامک آرٹس‘ جدہ کے ثقافتی منظر میں ایک قابلِ تحسین اضافہ بھی ہے جو ثقافتی اور سیاحتی مرکز کے طور پر جدہ شہر کی حیثیت کو مستحکم بنا دیتا ہے۔ اس کے علاوہ اس نمائش سے تہذیبی میراث کو نئی نسل تک منتقل کرنے کا بھی موقع ملتا ہے۔