Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

افغانستان میں انتخابی ریلی پر خود کش حملہ،13ہلاک ،30زخمی

کابل ۔۔۔ افغانستان کے مشرقی صوبے ننگرہار میں انتخابی ریلی کے دوران خودکش حملے میں 13 افراد ہلاک اور 30 زخمی ہوگئے۔ صوبائی گورنر کے ترجمان نے بتایا کہ حملے کے زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔حملہ صوبے کے ضلع کاما میں اس وقت ہوا جب 20 اکتوبر کو ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں حصہ لینے والے آزاد امیدوار عبدالناصر مہمند کے حامی ایک مقام پر جمع تھے۔حملے کی ذمہ داری کسی نے قبول کرنے کا دعویٰ نہیں کیا۔افغان پارلیمانی انتخابات کے لیے مہم کا آغاز گزشتہ جمعہ سے ہوا تھا، انتخابی مہم کے دوران ہونے والا یہ پہلا خودکش حملہ ہے۔ صوبائی محکمہ صحت کے ڈائریکٹر نے کہا کہ اسپتالوں میں 13 لاشوں سمیت 55 افراد کو لایا گیا۔ایک شخص نے بتایا کہ عبدالناصر مہمند کی تقریر سننے کے لیے ہال میں درجنوں افراد جمع تھے۔ خودکش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔افغانستان کے الیکشن کمیشن کے مطابق ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں اب تک 5 امیدواروں کو قتل کیا جاچکا ہے۔ووٹر رجسٹریشن سینٹرز پر بھی متعدد حملے کیے گئے۔

شیئر: