Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تکبیر فورم ریاض نے سعودی عرب کا 88واں یوم وطنی منایا

پاک سعودی دوستی کومزید مضبوط بنائیں گے، مقررین کا اظہار عزم
ریاض ( ذکاء اللہ محسن)تکبیر فورم ریاض  کے زیراہتمام سعودی عرب کا 88 واں الیوم الوطنی منایاگیا۔مقررین نے شاہ سلمان اور پوری قوم کو مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ خادم  حرمین شریفین نے امت مسلمہ کے لیے جو  خدمات انجام دی ہیں وہ تاریخ کا سنہرا باب ہیں۔  اسلام اور امت مسلمہ کے لیے سعودی حکومت کی مخلصانہ و ہمدردانہ  خدمات کو امت کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ اس موقع پر   تکبیر فورم کے صدر زاہد شریف نے کہا ہم سمجھتے ہیں کہ سعودی عرب کا استحکام حجاز میں امن وامان دراصل حرمین شریفین اور ان سے وابستہ عبادات و عقیدت کے تمام سلسلوں کی بقاء کا ضامن ہے۔ تکبیرا سپورٹس کے سی ای او  منیر احمد شاد نے کہا کہ  پاکستانی سعودی عرب کی ترقی و خوشحالی کو  اپنی ترقی و خوشحالی سمجھتے ہیں ۔مملکت ا سلام اور مسلمانوں کا قلعہ ہے ۔تکبیر فورم کی کوآرڈینیٹر ساجدہ چوہدری نے کہا کہ سعودی عرب میں قانون الہی کی عملداری اور امن وسکون کا دور دورہ ہے۔ نمائندہ خصوصی ارم ملک نے کہا آل سعود نے ہمیشہ اپنی وجاہت علم و اسلام دوستی اسلامی تعلیمات پر پوری طرح عمل پیرا ہو کر تاریخی خدمات انجام دی ہیں ۔ وسیم خان، بابر علی، ریحان سید، عابد شمعون چاند   نے کہا کہ سعودی حکمرانوں کی پاکستان سے لازوال محبت ،چاہت اور مخلصانہ دوستی ہمارے لیے قابل فخر ہے۔ سعودی عرب ہمارا دوسرا گھر ہے اس کی حفاظت اور سالمیت ہمارا اولین فرض ہے۔ تقریب کے آخر میں سعودی عرب کی  88  ویں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا اور پاک سعودی دوستی کو مزید مضبوط اور مستحکم بنانے کا عزم بھی ظاہرکیا گیا۔

شیئر: