Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایشین ٹینس:نیپالی کھلاڑی نے انٹرنیشنل ٹائٹل جیت لیا

کراچی:نیپالی کھلاڑی آروو ہدا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کے اشیش کمار کو شکست دیکر روٹری کلب آف کراچی اسپورٹس میں ایشین ٹینس فیڈریشن کی جانب سے کھیلے گئے انڈر۔14ٹینس ٹورنامنٹ کا ٹائٹل جیت لیا۔نیپالی کھلاڑی کی یہ کسی بھی انٹرنیشنل ایونٹ میں پہلی کامیابی ہے۔ فائنل تقریب کے مہمان خصوصی رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر عمران علی شاہ تھے۔عمران علی شاہ عام آدمی کو تھپڑ مارنے کی پاداش میں عدالت کے حکم پر جرمانہ ادا کرنے کی "شہرت"رکھتے ہیں۔نیپالی کھلاڑی آرووہدا کی والدہ ریتیما ہدا نے کہا کہ میرے بیٹے کی یہ کسی انٹرنیشنل ایونٹ میں پہلی کامیابی ہے اس کے ساتھ ساتھ نیپال کے کسی بھی کھلاڑی نے ملک آزاد ہونے کے بعد سے اب تک یہ ایونٹ جیتنے کا اعزاز حاصل نہیں کیا تھا۔ ڈاکٹر عمران علی شاہ نے نیپالی کھلاڑی کو شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر مبارک باد دی اور کہا کہ کھیل میں ہار جیت ہوتی ہے۔ اشیش کمار نے ہارنے کے بعد یقینا سبق سیکھا ہوگا جو ان کے مستقبل کے میچوں میں انہیں کامیابی کی راہ دکھائے گی۔ملک میں ٹینس کے باصلاحیت کھلاڑیوں کی کمی نہیں ، ضرورت اس بات کی ہے کہ انہیں کھیلنے کے مواقع فراہم کئے جائیں۔ اس ٹورنامنٹ کے اختتام پر کراچی کریک کلب میں اے ٹی ایف 14 اینڈ انڈر ایونٹ کا آغاز بھی ہوگیا ہے۔
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ  جوائن کریں

شیئر: