Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاک سعودی تعلقات میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے ، کیپٹن واصف

    جدہ ( ارسلان ہاشمی )پاکستانی بحریہ کے جہاز  پی این ایس سیف کے کمانڈنگ آفیسرکیپٹن شاہد واصف نے کہا ہے کہ پاکستان اور  سعودی   عرب کے درمیان ہر شعبے میں مثالی تعلقات  ہیں جن میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے ۔دونوں برادر ملکو ںکی بحریہ کے مابین  مشترکہ بحری مشقوں کا سلسلہ برسوں سے جاری ہے ۔ پی این ایس سیف کا دورہ سعودی عرب بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔    کیپٹن شاہد واصف جدہ کی ا سلامی بندرگاہ پر پاکستان نیوی کے جہاز" سیف" پر منعقدہ عشائیہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے جس میں سعودی شاہی بحریہ کے افسران ، مختلف دوست ممالک کے سفارتکار او ر پاکستان قونصلیٹ کے  قونصل جنرل شائق بھٹو سمیت قونصلیٹ کے دیگر افسران اور پاکستانی کمیونٹی کے چیدہ چیدہ افراد نے شرکت کی ۔ سعودی شاہی بحریہ کی نمائندگی کیپٹن طارق عسیر ی نے کی ۔ کمانڈنگ آفیسر نے مزید کہاکہ امن کیلئے دونوں ممالک کی بحریہ نے" نسیم البحر"سمیت  کئی  مشترکہ بحری مشقوں کا سلسلہ برسوں سے جاری کر رکھا ہے ۔ پی این ایس سیف کے کمانڈنگ آفیسر کیپٹن شاہد نے مہمانوں کو بحری جہاز "  سیف " پر آمد کا  شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا  سعودی عرب کی پوزیشن اور خطے میں مملکت کا کردار بہت اہم  ہے ۔کیپٹن شاہد نے مزید کہا کہ پاکستان علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر امن کو فروغ دینے پر یقین رکھتا ہے، جو ہمارا بنیادی ہدف ہے ۔پاکستان نیوی کا مشن سمندری آزادی ،تجارت اور دوستانہ تعلقات کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینا  ہے۔کمانڈنگ آفیسر نے  کہا کہ سعودی شاہی بحریہ اور پاکستان  نیوی  کے منفرد تعلقات کی بنیادی  وجہ دونوں برادر ملکوں کے مابین  اسلام کا مستحکم رشتہ ہے جبکہ دوسری وجہ  سعودی شاہی بحریہ کے متعدد  افسران ہیں جنہوں  نے  پاکستان نیول  اکیڈمی کراچی سے تربیت حاصل کی اور یہ بنیاد ہماری بحریہ کے دو طرفہ تعلقات کو مستحکم کرتی ہے ۔ تقریب کے آغاز میں دونوں ملکو ں کے قومی ترانے بھی بجائے گئے جبکہ اختتام سے قبل پاک بحریہ کی جانب سے تیار کیا جانے والاکیک کاٹا گیا جس میں سعودی شاہی نیوی کے کیپٹن طارق عسیر ی اور پاک بحریہ کے افسران بھی شامل تھے ۔ واضح رہے پی این ایس سیف کوحضرت خالد بن ولید کے لقب سے موسوم کیا گیا ہے ۔ پی این ایس سیف  253 کا شمار ایسے بیڑے میں ہوتا ہے جو تنہا  یا مشترکہ مشن بخوبی سرانجام دے سکے ۔ پی این ایس سیف 25 ستمبر 2010کو چین سے کراچی پہنچا۔ پی این ایس سیف  جدید ترین آلات حرب سے لیس ہے جبکہ اس میں آب دوز کو نشانہ بنانے اور اسے تباہ کرنے والے ہیلی کاپٹر بھی موجود ہیں۔ جہاز کو اس طرح تیار کیا گیا ہے کہ وہ ہر موسم میں بہترین کارکردگی پیش کرنے کااہل ہے۔  اس پر نصب جدید ترین میزائل سسٹم فضا سے فضا اور زمین کو نشانہ بنانے کی مکمل صلاحیت کے حامل ہیں ۔
مزید پڑھیں:- - -  -شاہ سلمان نے ٹرمپ اور اردگان کے ساتھ اپنے ٹیلیفونک رابطوں کی تفصیلات سے کابینہ کو آگاہ

شیئر: