Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دہلی سے ممبئی تک مختلف مقامات پر خوفناک آتشزدگی

نئی دہلی۔۔۔۔دیوالی کی شام کو ایک طرف جہاں پورا ملک قمقموں اور شمعوں کی روشنی سے جگمگا اٹھا وہیں مختلف مقامات پر آتشزدگی کے واقعات رونما ہوئے۔ لدھیانہ میں تقریباً25جگہوں پر آگ لگنے کے واقعات پیش آئے۔اطلاع ملتے ہی فائربریگیڈ کی37ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر آگ بجھانے کی کارروائی شروع کردی۔فائر بریگیڈ آفیسر سمبھو ناتھ شرما نے بتایا کہ25مقامات پر لگی ہوئی آگ  کوجدوجہد کے بعد بجھانے میں کامیابی حاصل کرلی گئی۔لکھنؤکے راجیندر نگر علاقے میں دیوالی کی رات موم بتی فیکٹری میں آگ لگ گئی ۔ فائر بریگیڈ کی ٹیموں نے فوراً کارروائی کرتے ہوئے آگ بجھائی۔ اس واقعہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔مہاراشٹر کے تھانے میں راج شری لاٹری میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا جسے کارروائی کرکے بجھادی گئی ۔واقعہ میں کوئی ہلاک یا زخمی نہیں ہوا۔ ادھردارالحکومت دہلی کے لکشمی نگر کے ایک اے ٹی ایم میں لگنے والی آگ بجھا دی گئی۔پٹنہ کے گاندھی میدان کے قریب واقع راجدھانی گیسٹ ہاؤس میں خوفناک آگ لگ گئی جو دیکھتے ہی دیکھتے پورے گیسٹ ہاؤس کو اپنی زد میں لے لیااور پوری عمارت آگ کے گولے میں تبدیل ہوگئی۔ پورے علاقے میں افرا تفری پھیل گئی۔ گیسٹ ہاؤس گنجان آباد علاقے میں قائم ہونے کی وجہ سے فائر بریگیڈ کے عملے کو آگ پر قابو پانے میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔
مزید پڑھیں: - - -جنوبی کوریا کی خاتون اول کادورہ تاج محل
ہندوستان کی تازہ ترین خبروں کے لئے ’’اردونیوز انڈیا‘‘ گروپ جوائن کریں
رائے دیں، تبصرہ کریں
 

شیئر: