Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گزشتہ 6 ماہ کے دوران 28 ہزار ویزے جاری کئے گئے ، وزارت محنت

ریاض ۔۔۔ وزارت محنت کی جانب سے جاری رپورٹ میں کہا گیاہے کہ گزشتہ 6 ماہ میں گورنمنٹ سیکٹر میں 28 ہزار 522 ویزے جاری کئے گئے جن میں سے 55 فیصد ویزے ایشیائی ممالک کودیئے گئے ۔ وزارت محنت و سماجی بہبود آبادی کی جانب سے بیرون ملک سے جاری ویزوں کے حوالے سے جاری تفصیلی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جاری ویزوں میں مردوں کیلئے 17ہزار 350 اور خواتین کیلئے 11 ہزار 172 ویزے خواتین کارکنوں کے لئے جاری کئے گئے ۔ سب سے زیادہ ویزے ریاض کے لئے جاری ہوئے جن کا تناسب مجموعی تعداد کا 35 فیصد تھا ۔ وزارت محنت کی جانب سے جاری رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ویزوں کا اجراء امور صحت اور شعبہ تعلیم کیلئے کیا گیا ہے جہاں مذکورہ کارکنوں کی طلب ہے ۔ دریں اثناء وزارت محنت نے گھریلو کارکنوں کے حوالے سے کہا ہے کہ قوانین کے مطابق ایسے کارکن جنہیں اپنے مالکان سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کا سامنا ہے وہ فوری طور پر وزارت محنت سے رجوع کریں جہاں قانونی طور پر انکی کفالت کسی دوسرے کو منتقل کر دی جاتی ہے ۔ قانون کے مطابق ایسے گھریلو کارکن جنہیں لگاتار 3ماہ سے تنخواہیں ادا نہیں کی گئی انہیں چاہئے کہ وہ ثبوت کے ساتھ وزارت محنت کے مخصوص شعبے سے رجوع کریں جہاں کارکنوں کی شکایت کا ازالہ کیا جاتا ہے ۔ وزارت محنت نے ایسے افراد کو خبر دار کیا ہے جو گھریلو کارکنوں کے ویزوں کی تجارت کرتے ہیں اور اپنے کارکن کی خدمات رقم لیکر کسی دوسرے شخص کو منتقل کرتے ہیں ۔ اس حوالے سے وزارت کا کہنا تھا کہ گھریلو کارکنو ں کی فراہمی کے حوالے سے اشتہارات غیر قانونی ہیں اور انکے خلاف وزارت محنت کارروائی کا حق رکھتی ہے ۔قبل ازیں وزارت محنت  کی جانب سے اس امر کی متعدد بار نشاندہی کی جاچکی ہے کہ مملکت میں کارکنوں کی تجارت اور انہیں غیر قانونی طور پر دوسرے لوگوں کو دینا قطعی طور پر منع ہے ۔ مین پاور سپلائی کی کمپنیاں جو باقاعدہ لائسنس یافتہ ہیں انکے علاوہ کارکنوں کی سپلائی غیر قانونی تصور کی جاتی ہے ۔ وزارت محنت کا کہنا تھا کہ ویزوں کی تجارت کرنا قطعی طور پر غیر قانونی ہے اس میں جو ملوث پایا جاتا ہے اسکے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جاتی ہے ۔ ویزوں کی تجارت کرنے والے اور اس سے منسلک سب ایجنٹس کے قطعی طور پر قانون شکنی کے زمرے میں آتے ہیں ۔ 
 

شیئر: