پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بڑا اضافہ، 55 روپے فی لیٹر مہنگا
حکومتِ پاکستان نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں فی لیٹر 55 روپے اضافہ کر دیا ہے۔
جمعے کی رات کو مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے اعلان کیا کہ عالمی منڈی میں قیمتوں میں بڑے اضافے کے باعث پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 55 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ملک کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔
قیمتوں میں اضافے کے بعد پٹرول کی فی لیٹر نئی قیمت 321 روپے اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر نئی قیمت 335 روپے مقرر کیا گیا ہے۔
نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔
علی پرویز ملک کے مطابق سعودی آرامکو نے بھی ینبع پورٹ سے بڑے جہاز کے ذریعے پیٹرولیم مصنوعات پاکستان کے سمندری حدود تک پہنچانے کی یقین دہانی کرائی ہے، جبکہ پاکستان کے دو جہازینبع اورفجیرہ پورٹ کی جانب روانہ ہو چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں توانائی کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یکم مارچ کو جب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر نظرِ ثانی کی گئی تو اس وقت پیٹرول کی قیمت 78 ڈالر فی بیرل جبکہ ڈیزل کی قیمت 88 ڈالر فی بیرل تھی۔ تاہم 6 مارچ تک پیٹرول کی قیمت بڑھ کر 106 ڈالر 80 سینٹ جبکہ ڈیزل کی قیمت تقریباً 150 ڈالر فی بیرل تک پہنچ چکی ہے۔
وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں حکومت کو قیمتوں میں اضافہ کرنے کا مشکل فیصلہ کرنا پڑا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جیسے ہی عالمی مارکیٹ میں صورتحال بہتر ہوگی، قیمتوں کو دوبارہ کم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ آج پیٹرولیم مصنوعات کی دستیابی اور قیمتوں کے حوالے سے قائم کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ کمیٹی نے کوشش کی ہے کہ عوام پر کم سے کم بوجھ ڈالا جائے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بتایا کہ کمیٹی کی روزانہ بنیاد پر میٹنگ ہوتی ہے جس میں سپلائی، ذخائر اور قیمتوں کا جائزہ لیا جاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت پاکستان کے پاس پیٹرولیم مصنوعات کا کافی ذخیرہ موجود ہے۔
وزیر خزانہ کے مطابق وہ اور وزیر پیٹرولیم آئندہ دو دنوں میں صوبائی وزرائے اعلیٰ اور چیف سیکریٹریز سے ملاقات کریں گے اور انہیں موجودہ صورتحال سے آگاہ کریں گے۔
