Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دو طرفہ کرکٹ ہوم سیریز کا انعقاد یقینی بنائیں گے، احسان مانی

لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین احسان مانی نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل تمام رکن ممالک کے درمیان دو طرفہ سیریز کا انعقاد یقینی بنانے کیلئے موثر کردار ادا کرے اور پی سی بی اس حوالے سے انٹر نیشنل فورم پر آواز اٹھائے گا ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ میں آئی سی سی کی سطح پر اس بارے میں پہلے ہی غیر رسمی بات کر چکا ہوں لیکن اب میں کرکٹ بورڈ میں ہوں تو زیادہ بہتر انداز میں اپنا کردار ادا کر سکوں گا تاکہ تمام ممالک کے درمیان دو طرفہ سیریز کا انعقاد ہو سکے ۔انہوں نے کہا اگر ہندوستان اور پاکستان کے درمیان دو طرفہ سیریز نہیں ہوتی تو ہندوستانی بورڈ انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کے ٹورنامنٹ میں ہمارے ساتھ کیوں کھیلتا ہے ؟ یاد رہے کہ جب احسان مانی آئی سی سی کے صدر تھے تو ہندوستانی ٹیم نے 2004میں15سال بعد پاکستان کا دورہ کیا تھا اور دونوں ٹیموں کے درمیان 5سال بعد کوئی سیریز کھیلی گئی تھی۔اس کے بعد 2007تک دونوں ٹیموں نے مزید سیریز میں بھی شرکت کی تھی۔2014میں دونوں بورڈز کے درمیان اس بات پر اتفاق ہوا تھا کہ دوطرفہ سیریز کا دوبارہ آغاز ہوگا لیکن بگ تھری کا مقصد پورا ہونے کے بعد ہندوستانی بورڈ پاکستانی ٹیم کے ساتھ کوئی سیریز کھیلنے سے مسلسل انکار کرتا آرہا ہے ۔چیئر مین پی سی بی نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ انٹر نیشنل کرکٹ کونسل یہ بات یقینی بنائے کہ ہندوستانی بورڈ ہمارے ساتھ دو طرفہ سیریز میں حصہ لے ۔پاکستان کی جانب سے اسی سلسلے میں ہند کے خلاف آئی سی سی میں ہرجانے کے دعوے کے بارے میں انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے آئی سی سی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 2رکن ممالک اس طرح ایک دوسرے کے خلاف کیس لڑ رہے ہیں، ایسا پہلے کبھی نہیں ہوا تاہم فیصلہ کچھ بھی ہو دونوں کو اسے قبول کرنا ہوگا۔اگر میں اس وقت پی سی بی کے معاملات چلا رہا ہوتا تو کیس کے بجائے بات چیت سے مسئلہ حل کرنے کی کوشش کرتا۔ انہوں نے یاد دلایا کہ اپنے آئی سی سی دور صدارت میں نہ صرف پاک ہند کرکٹ تعلقات بحال کرائے تھے بلکہ انگلینڈ کی ٹیم کا دورہ زمبابوے بھی یقینی بنایا تھا۔احسان مانی نے ایک مرتبہ پھر کہا کہ سرفراز احمدہی تینوں فارمیٹس میں کپتان رہیں گے اور جب تک ٹیم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرہی ہے انہیں اس عہدے سے ہٹا نے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے بارے میں سوال پر چیئر مین پی سی بی نے کہا کہ یہ فارمیٹ ٹیسٹ کرکٹ کیلئے حقیقی خطرہ ہے تاہم آئی سی سی کی جانب سے ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے اعلان سے اس فارمیٹ کی بقا ءمیں مدد ملے گی۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزئیے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ میں "اردونیوز اسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: