Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چین نے اسٹیلتھ طیارے دیکھنے کیلئے کوانٹم رڈار بنالیا

بیجنگ۔۔۔چین نے اسٹیلتھ طیارے دیکھنے کیلئے کوانٹم ریڈار بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔اسٹیلتھ بمبار طیاروں کا بیرونی ڈھانچہ کچھ اس طرح سے بنایا جاتا ہے کہ وہ یا تو ریڈار کی امواج کو جذب کرلیتا ہے یا پھر انہیں کچھ اس طرح دوسرے زاویوں پر منتشر کرتا ہے کہ وہ دوبارہ ریڈار تک پہنچ کر اس کی خبر نہیں دے پاتیں۔ اس کیلئے پورے طیارے کی بیرونی ڈیزائننگ، بازوؤں کی خمیدگی اور دیگر بیرونی اشکال کو خاص زاویوں پر موڑا جاتا ہے۔ اب چین نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایسا کوانٹم ریڈار بنایا ہے جس سے جدید ترین اسٹیلتھ طیارے بھی اوجھل نہیں رہ سکتے۔چین کے شہر زوہائی کے ایئرشو میں چائنا الیکٹرونکس ٹیکنالوجی گروپ کارپوریشن نے دنیا کا پہلا کوانٹم ریڈار پیش کیا ہے جس سے جدید ترین اسٹیلتھ طیارے بھی اوجھل نہیں رہ سکتے۔پہلی مرتبہ یہ ریڈار 2015 میں ٹیسٹ کیا گیا تھا۔کوانٹم ریڈار کا اصول بتاتے ہوئے کمپنی نے کہا کہ عام ریڈار ایک الیکٹرومیگنیٹک (برقناطیسی) شعاع پھینکتا ہے لیکن کوانٹم ریڈار الجھے ہوئے (اینٹینگلڈ) فوٹونز کی2 مسلسل شعاعیں خارج کرتا ہے ۔ ان میں سے صرف ایک شعاع ہی باہر پھینکی جاتی ہے اور کوانٹم فزکس کے تحت دونوں ہی شعاعوں میں تبدیلیاں نوٹ ہوتی ہیں۔اسکے نتیجے میں ریڈار میں ہی روکے جانے والی شعاع میں تبدیلیاں نوٹ کرکے معلوم کیا جاسکتا ہے کہ پھینکی جانیوالی شعاع پر کیا گزری ہے اور اسکا سامنا کس سے ہوا ہے؟ اس طرح کسی اسٹیلتھ طیارے کی علامت (سگنیچر) معلوم کی جاسکتی ہے۔

شیئر: