Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ سلمان نے 85ارب ریال لاگت کے وعد الشمال منصوبوں کا افتتاح کردیا

ریاض : خادم حرمین  شریفین  شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے جمعرات کو  حدود شمالیہ صوبے کی طریف کمشنری میں  وعد الشمال صنعتی شہر میں85ارب  ریال لاگت کے ابتدائی منصوبوں کا افتتاح کر دیا۔ وزیر توانائی صنعت  و معدنیات انجینیئر خالد الفالح نے بتایا کہ  وعد الشمال  توانائی و   معدنیات اور لاجسٹک  خدمات کے منصوبوں پر مشتمل ہے اس کی  بدولت 30ہزار افراد کو  روزگار ملے گا۔ دوسرے مرحلے کے منصوبوں کی تکمیل پر مزید 8ہزار افراد کو  روزگار حاصل ہو گا۔سعودی کابینہ نے  وعد الشمال شہر کیلئے 290مربع کلومیٹر کا رقبہ مختص کیا ہے ۔  علاوہ ازیں  معادن کمپنی کیلئے150مربع کلو میٹر کا  رقبہ مقرر کیا گیا ہے ۔ شہر کا مجموعی  رقبہ 440مربع کلومیٹر ہو گا ۔ خالد الفالح نے بتایا کہ سعودی عرب  اس منصوبے کی تکمیل کی  بدولت فاسفیٹ تیار کرنے  والا دوسرا بڑا ملک بن جائیگا۔ وعد الشمال کی فیکٹریاں 90ملین ٹن سالانہ  فاسفیٹ تیار کرینگی۔ شاہ سلمان نے اس موقع پر متعدد منصوبوں کے سنگ بنیاد بھی رکھے ۔  انہیں  خالد الفالح نے یادگاری تحفہ پیش کیا۔شاہ سلمان نے ایوان شاہی کے مشیر شہزادہ فیصل بن  ترکی کو   وعدالشمال شہر کا  خواب  شرمندہ تعبیر کرنے کے سلسلے میں منفرد مساعی صرف کرنے  پر شاہ عبدالعزیز تمغہ عطا کیا۔ شاہ سلمان  حدود شمالیہ کے  دورے پر  بدھ اور جمعرات کی  درمیانی شب پہنچے تھے۔ وہ اپنا  دورہ مکمل کر کے جمعرات کو  طریف سے  ریاض واپس پہنچ گئے۔
 

شیئر: