واشنگٹن۔۔۔امریکہ نے ایرانی شہری حسین احمد لاریجانی کی گرفتاری میں معاون ثابت ہونے والی معلومات کے مقابل 30 لاکھ ڈالر تک کی انعامی رقم کا اعلان کیا ہے۔ لاریجانی پر امریکی عسکری ٹیکنالوجی خرید کر اسے ایرانی نظام تک منتقل کرنے کا الزام ہے۔ امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی کی جانب سے لاریجانی کیخلاف ریڈ کارڈ جاری کیا گیا۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ لاریجانی کی جانب سے غیر قانونی طریقے سے حاصل کی گئی ٹیکنالوجی کو 2008ء سے 2010ء کے درمیان عراق میں امریکی اور اتحادی افواج کے خلاف راستوں پر نصب بموں میں استعمال کیا گیا تھا۔ایف بی آئی کے مطابق 55 سالہ حسین احمد لاریجانی نے امریکی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جنوب مشرقی ایشیا کی کمپنیوں کے توسط سے مینیسوٹا کی ایک فیکٹری سے ٹیکنالوجی خریدی اور پھر اسے ایران ارسال کیا۔ایف بی آئی کے خصوصی سیکریٹری ڈین شیڈیلر نے بتایا کہ دھماکا خیزساز و سامان عراق میں لڑائی کے میدان تک پہنچے اور یہ غیر استعمال شدہ دھماکا خیز آلات کی صورت میں ملے۔