Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ کی براؤن ہونیورسٹی میں فائرنگ سے دو افراد ہلاک، حملہ آور کی تلاش جاری

حکام نے بتایا کہ پولیس کیمروں کی فوٹیج دیکھ کر حملہ آور کی شناخت کی کوشش کر رہی ہے (فوٹو: روئٹرز)
امریکی ریاست روڈ آئی لینڈ کے شہر پروویڈنس کی براؤن یونیورسٹی میں فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد ہلاک جبکہ آٹھ شدید زخمی ہو گئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کی تلاش جاری ہے۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی پروویڈنس کے میئر بریٹ سمائلی نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ پولیس تاحال فائرنگ کرنے والے شخص کو تلاش کر رہی ہے جس نے براؤن یونیورسٹی کی بارس اینڈ ہولی انجینئرنگ کی عمارت کو نشانہ بنایا جہاں اس وقت امتحانات چل رہے تھے۔
حکام نے حملہ آور کے حوالے سے بتایا ہے کہ اس نے سیاہ کپڑے پہن رکھے تھے۔ پولیس آس پاس کے کیمروں کی فوٹیج دیکھ کر حملہ آور کی شناخت کی کوشش کر رہی ہے۔
میئر بریٹ سمائلی نے کہا کہ فی الحال متاثرین کے بارے میں تفصیلات نہیں بتائی جا سکتیں نہ یہ بتایا جا سکتا ہے کہ وہ طالب علم تھے یا نہیں۔
انہوں نے واقعے پر دُکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کرسمس میں صرف ڈیڑھ ہفتہ باقی ہے اور آج دو افراد جان سے گئے جبکہ آٹھ افراد ہسپتال میں ہیں۔ اس لیے متاثرہ خاندانوں کے لیے دعا کریں۔‘
براؤن یونیورسٹی پروویڈنس کے علاقے کالج ہِل میں واقع ہے جو روڈ آئی لینڈ کا دارالحکومت ہے۔ اس یونیورسٹی میں سینکڑوں عمارتیں ہیں جن میں لیکچر ہال، تجربہ گاہیں اور ہاسٹل شامل ہیں۔
جیسے ہی فائرنگ کی خبر پھیلی، یونیورسٹی انتظامیہ نے طلبہ کو ہدایت کی کہ وہ ’جہاں ہیں وہیں رہیں۔‘

براؤن یونیورسٹی پروویڈنس کے علاقے کالج ہِل میں واقع ہے جو روڈ آئی لینڈ کا دارالحکومت ہے (فوٹو: اے ایف پی)

براؤن یونیورسٹی کے طالب علم چیانگ ہینگ نے مقامی ٹی وی چینل کو بتایا کہ وہ تین دیگر طلبہ کے ساتھ ایک لیب میں کام کر رہے تھے جب انہیں قریب ہی فائرنگ کی اطلاع ملی۔
انہوں نے بتایا کہ وہ تقریباً دو گھنٹے تک میزوں کے نیچے چھُپے رہے۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے کہا کہ انہیں اس واقعے کے بارے میں آگاہ کر دیا گیا ہے اور انہوں نے اسے ’بہت افسوسناک‘ قرار دیا۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ ’اس وقت ہم صرف متاثرین اور شدید زخمیوں کے لیے دعا ہی کر سکتے ہیں۔‘

 

شیئر: