Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دبئی ٹیسٹ:گیند باونس.اسپن ہوئی تو بولرز کمال دکھا سکیں گے

ٹیم کی گرفت مضبوط ہے، نیوزی لینڈ کو دفاعی پوزیشن پر لانا ہو گا
 صلاح الدین حیدر ۔کراچی
پاکستان نے دبئی میں کھیلے جانے والے دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں اپنی گرفت خاصی مضبوط کر لی اور 5 وکٹوں کے نقصان پر 418 رنز بناکر پہلی اننگز ڈیکلیئر کردی۔ دو روز تک مستقل فیلڈنگ کے بعد امید تھی کہ کیویز شاید جھٹ پٹ میں ایک دو وکٹیں گنوا بیٹھے لیکن صرف 9 اوورز جو انہیں کھیلنے کو ملے ان میں وہ دوسرے دن کے کھیل ختم ہونے تک کوئی وکٹ کھوئے بغیر 24 رنز ہی بناسکے۔ دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم کی وکٹ سلو اور اسپن کھیلنے کے لئے مفید تو نہیں تھی، لیکن اس میں جو پہلے دن سوئنگ اور اسپن دیکھی گئی تھی وہ آج سرے سے ہی غائب تھی پھر بھی چونکہ گیند بیٹ پر ٹھیک سے نہیں آرہی تھی اس لیے اسٹروک کھیلنا مشکل تھا۔ امید تھی کہ شام کے اندھیرے میں شاید پاکستانی بولرز کو ایک موقع حاصل ہوجائے لیکن لیتھم اور وال نے باقیماندہ اوور کھیل کر ان کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ممکن ہے آج وکٹ باونس اور اسپن لینا شروع کردے تو قومی بولنگ لائن250 یا 275 کے اندر آوٹ کر سکتی ہے اور پاکستان کچھ اور رنز بناکر مخالف ٹیم کو دفاعی کھیل کھیلنے پر مجبور کردے۔ ایسا ہوا تو بہت زیادہ امید ہے کہ پاکستان سیریز برابر کرنے میں کامیاب ہوجائے گا۔ نیوزی لینڈ کے بولر تمام دن تھکے تھکے نظر آئے، صرف اوپننگ بولر نے ہی 2 وکٹ حاصل کیں جبکہ اسپنر اعجاز پٹیل 120 رنز دے کر صرف ایک ہی وکٹ لے سکے ۔ آج کا دن بہت اہم اور دلچسپ ہوگا۔ 
 کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوزاسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: