Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فری میڈیکل کیمپ انتظامیہ کی مثالی کاوشوں کا نتیجہ ہے ، سفیر پاکستان

جاوید اقبال۔ ریاض
سفارتخانہ پاکستان کی زیر سرپرستی پاکستان ڈاکٹرز گروپ ریاض نے 12ویں فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا۔ مریضوں کی سہولت کےلئے سفارتخانے نے شہر کے مختلف مقامات سے بلا معاوضہ ٹرانسپورٹ کی سہولتیں فراہم کررکھی تھیں۔ اس برس میڈیکل کیمپ کی ایک خاص بات یہ تھی کہ سفارتخانے میں تقریباً 20برس سے نادار مریضوں کےلئے قائم میڈیکل کلینک کو بھی اس کے نو تعمیر شدہ مقام پر منتقل کرنا تھا ۔ سہ پہر 2سے 7بجے تک تقریباً ایک ہزار مریضوں کو طبی معائنے کے بعد ادویہ دی جاچکی تھیں۔ خان ہشام بن صدیق نے اردونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان ڈاکٹرز گروپ کی مساعی کو سراہا اور اس بات پر اظہار مسرت کیا کہ یہ گروپ ہر برس باقاعدگی سے 2مرتبہ فری میڈیکل کیمپ منعقد کرتا ہے۔ مملکت میں تقریباً25لاکھ پاکستانی تارکین مقیم ہیں اور ان کی اکثریت محنت کش طبقے سے تعلق رکھتی ہے۔ ان کے پاس میڈیکل انشورنس کی سہولت نہیں ہوتی۔ خان ہشام بن صدیق نے واضح کیا کہ پاکستان ڈاکٹرز گروپ نہ صرف حاجت مند مریضوں کو معالجے کی ابتدائی سہولت مہیا کرتا ہے بلکہ ضرورت پڑنے پر انکے خصوصی علاج اور عمل جراحی کےلئے مالی مدد کا انتظام بھی کرتا ہے۔ مملکت میں اپنے عرصہ کار پر بات کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ برس میں انکی یہی کوشش رہی ہے کہ پاک سعودی تعلقات کی بہتری کیلئے وہ عوام اور دونوں حکومتوں کی خواہشات کے مطابق کام کریں۔ پاکستان کی اقتصادی مدد کیلئے سعودی عرب نے انتہائی قابل ستائش اور مثبت اقدامات اٹھائے ہیں۔ اب دونوں ممالک کے سرمایہ کار ایک دوسرے کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کریں گے۔ تعلیمی میدانوں میں باہمی تعاون پر بات کرتے ہوئے خان ہشام بن صدیق نے کہا کہ مملکت نے انڈر گریجویٹ تعلیم کیلئے یہاں 22 جامعات میں پاکستانی طلباءکےلئے 583وظائف مختص کئے ہیں اور یہ کہ سوائے طب باقی سب میدانوں میں ہمارے طلباءتعلیم حاصل کریں گے۔ سفارتخانے میں میڈیکل کلینک کے بانی اور ڈاکٹرز گروپ کے تاحیات چیئرمین ڈاکٹر ریاض جاوید خواجہ ستارہ امتیاز نے کہا کہ اس کلینک کا قیام 1987 ءمیں عمل میں آیا تھا تاہم فری میڈیکل کیمپ کا آغاز 10برس قبل ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ سفیر پاکستان خان ہشام بن صدیق نے میڈیکل کلینک کےلئے عمارت کے توسیع شدہ حصے میں ایک وسیع تر جگہ مختص کی ہے اور آج اسکا بھی افتتاح ہوا ہے۔ فری میڈیکل کیمپ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر خواجہ نے کہا کہ اپنی خدمات بلا معاوضہ رضاکارانہ طور پر پیش کرنےوالوں میں 25 طبی ماہرین ہیں۔ سفارتخانے میں قائم مستقل میڈیکل کلینک کے اوقات کار پر روشنی ڈاکٹر ہوئے ڈاکٹر ریاض جاوید خواجہ نے واضح کیا کہ حاجت مند مریضوں کیلئے قائم یہ شفا خانہ بلا معاوضہ ادویہ بھی فراہم کرتا ہے۔ پاکستان ڈاکٹرز گروپ کے صدر اور فری میڈیکل کیمپ کے روح رواں ڈاکٹر اسد اللہ رومی نے کہا کہ اس کیمپ کیلئے پاکستانیوں کے علاوہ سعودی اور سوڈانی اطباءنے بھی اپنی خدمات رضاکارانہ طور پر پیش کی تھیں۔ اس کے علاوہ ایتھوپیا، صومالیہ اور فلپائن کی نرسیں بھی اس گروپ میں شامل ہیں۔ برطانیہ سے آئی سی یو کا اسٹاف موجود ہے۔ کیمپ میں فراہم کردہ سہولتیں کی وضاحت کرتے ہوئے ڈاکٹر اسد اللہ رومی نے کہا کہ ای سی جی ، الٹرا ساؤنڈ ، ایکسرے اور بلڈ ٹیسٹ کی سہولتیں موجود تھیں اور یوں امراض کی فوری تشخیص کے بعد انہیں ایک، ایک ماہ کیلئے ادویہ فراہم کی جارہی تھیں۔ انہوں نے اس بات پر مسرت کا اظہار کیا کہ پاکستان انٹرنیشنل اسکول ناصریہ اور سلیمانیہ کے طلباءو طالبات نے کیمپ کو منظم کرنے اور مریضوں کی رہنمائی میں اہم کردار ادا کیا ۔
 

شیئر: