Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایشیا کپ ایمرجنگ ٹورنامنٹ کا پاکستان اور سری لنکا میں مشترکہ آغاز

کراچی : ایشیا کپ ایمرجنگ کرکٹ ٹورنامنٹ کراچی اور کولمبو میں ایک ساتھ شروع ہو رہا ہے ۔پاکستان اس ٹورنامنٹ کے گروپ بی کے میچوں کی میزبانی کررہا ہے جبکہ گروپ اے کے میچز سری لنکا میں کھیلے جائیں گے۔ایشیا کپ ایمرجنگ کرکٹ ٹورنامنٹ کی مکمل میزبانی پاکستان کو دینے کا فیصلہ گزشتہ سال اکتوبر میں ایشین کرکٹ کونسل کے لاہور میں منعقدہ اجلاس میں کیا گیا تھا لیکن گزشتہ ماہ ہندوستانی کرکٹ بورڈ نے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار کر دیا جس کے بعد سری لنکا ٹورنامنٹ کا مشترکہ میزبان بنا ہے اور ہندوستانی ٹیم اپنے تمام میچز سری لنکا میں ہی کھیلے گی۔ ٹورنامنٹ کا فائنل اور دونوں سیمی فائنلز بھی کولمبو میں ہونگے ۔ گروپ بی میں میزبان پاکستان کے علاوہ بنگلہ دیش، ہانگ کانگ اور متحدہ عرب امارات کی ٹیمیں شامل ہیں۔گروپ اے ہند، افغانستان، عمان اور میزبان سری لنکا پر مشتمل ہے۔ایشین کرکٹ کونسل کے قواعد و ضوابط کے مطابق اس ٹورنامنٹ میں ٹیسٹ ٹیم کا درجہ رکھنے والے 5 ممالک پاکستان، ہند ،سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان کی ٹیموں میں شامل11کرکٹرز کی عمر23 سال سے کم ہو نی چاہئے جبکہ 23سال سے زائد عمر کے 4 کھلاڑیوں کو بھی ہرٹیم میں شامل کرنےکی اجازت ہے۔ایسوسی ایٹ ٹیموں ہانگ کانگ، متحدہ عرب امارات اور عمان کے کھلاڑیوں کے لیے عمر کی حد نہیں مقرر کی گئی ۔پاکستان میں گروپ بی کے 6 میچز کے لیے کراچی کے نیشنل ا سٹیڈیم اور ساوتھ اینڈ گراونڈ ڈی ایچ اے کا انتخاب کیا گیا ہے۔ 6 دسمبر کو پاکستان کا مقابلہ ہانگ کانگ سے ہو گا اسی روز بنگلہ دیش اور متحدہ عرب امارات کی ٹیمیں مدمقابل ہونگی۔7 دسمبر کو پاکستان کا دوسرا میچ متحدہ عرب امارات سے ہو گا جبکہ بنگلہ دیشی ٹیم ہانگ کانگ کا سامنا کرے گی۔9 دسمبر کو گروپ بی کے آخری دن پاکستانی ٹیم بنگلہ دیش کا سامنا کرے گی جبکہ ہانگ کانگ اور متحدہ عرب امارات کی ٹیمیں آمنے سامنے ہونگی۔
 کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوزاسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: