Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت نے شاہ سلمان کے عہد میں بینظیر کامیابیاں حاصل کیں، صدر شوریٰ

ریاض۔۔۔ سعودی مجلس شوریٰ کے صدر شیخ ڈاکٹر عبداللہ آل الشیخ نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے عہد میں بینظیر کامیابیاں حاصل کیں۔ وہ آج 3 ربیع الثانی 1440 ھ کو شاہ سلمان سے بیعت کی چوتھی سالگرہ کے موقع پر اظہار خیال کررہے تھے۔ انہوں نے قائد اعلیٰ اور ان کے ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان کو یوم بیعت کی چوتھی سالگرہ کی مبارکباد پیش کی۔ صدر شوریٰ نے کہا کہ شاہ سلمان نے ریکارڈ وقت میں عربوں اور مسلمانوں کا وقار بحال کیا۔ سعودی عرب کی اقتصادی اور سیاسی پوزیشن مضبوط کی۔ ویژن 2030 جاری کرکے اس پر عملدرآمد کا اہتمام کیا۔ مملکت کے ایک ایک علاقے میں عظیم الشان منصوبے شروع کئے،ان کا افتتاح کیا، سنگ بنیاد رکھا۔ صدر شوریٰ نے کہاکہ عہد زریں کا امتیاز یہ ہے کہ ریاستی اداروں کو انتہائی ہوشمندی کے ساتھ چلایا جارہا ہے ۔ آل الشیخ نے کہا کہ خادم حرمین شریفین ہمیشہ اس امر کی تاکید کرتے ہیں کہ حق کیلئے سب ایک دوسرے کا دست و بازو بنیں اور حق کی خاطر ایک دوسرے سے تعاون کریں۔ فرزندان وطن کے درمیان تفرقہ و انتشار کی ہر کوشش کو پس پشت ڈال دیں۔ صدر شوریٰ نے توجہ دلائی کہ مجلس شوریٰ ریاستی اداروں میں سے ایک ہے۔ اسے خادم حرمین شریفین کی سرپرستی اور مکمل تعاون حاصل ہے۔ سعودی عوام، ریاستی اداروں کے ارباب، دینی سیاسی سماجی اقتصادی اور انتظامی رہنما ،قائد اعلیٰ کے ساتھ بیعت کی چوتھی سالگرہ کا جشن 4 برس کے دوران اپنے اپنے شعبے میں انجام پانے والے کارناموں اور کامیابیوں کو اجاگر کرکے کررہے ہیں۔ علاوہ ازیں مستقبل کے حوالے سے ہر وزارت ، محکمے اور ادارے کا سربراہ مختلف منصوبوں ، اسکیموں اور افکار و خیالات پیش کرکے بھی شاہ سلمان کی قیادت کو خراج شکر و قدر منزلت پیش کررہا ہے۔ 

شیئر: