Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گارڈ کے خلاف کارروائی قانون کے مطابق ہوگی‘ نواز شریف

اسلام آباد:  مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف کے سیکورٹی گارڈ کی جانب سے گزشتہ رز صحافی پر حملے کی خبریں آنے اور اس پر شدید تنقید کے بعد نواز شریف نے نجی ٹی وی کے کیمرہ مین پر تشدد پر صحافیوں سے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سابق وزیرا عظم نواز شریف آج فلیگ شپ ریفرنس کی سماعت کے لیے نیب عدالت اسلام آباد پہنچے تو صحافیوں نے گزشتہ روز ہونے والے ناخوشگوار واقعے پر شدید احتجاج کیا۔
ذرائع کے مطابق اس موقع پر نواز شریف سماعت کے بعد عدالت سے باہر آئے اور انہوں نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ سیکورٹی گارڈ کے خلاف جو قانون کے مطابق کارروائی ہوگی، میں اس میں ہر قسم کا تعاون کروں گا۔ انہوں نے بتایا کہ مریم اورنگزیب سے بھی اس معاملے پر بات ہوئی ہے، انہوں نے یقین دلایا کہ سب کارروائی قانون کے مطابق ہوگی۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ میں گزشتہ روز اسمبلی سے باہر آیا تو سیکورٹی اہلکار میرے لیے راستہ بنا رہا تھا تاہم جو مسئلہ ہوا وہ بہت برا ہوا، مجھے اس بات کا افسوس ہے اور ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا۔زیادتی کہیں سے بھی نہیں ہونی چاہیے اور ہر طرف انصاف ہونا چاہیے۔ نواز شریف نے اعتراض کیا کہ سیکورٹی گارڈ  شکور کے خلاف بھی ایکشن لوں گا کہ جب صحافی گاڑی کے پاس آئے تو گارڈ شکور نے کیمرہ مین کو دھکا دیا تاہم مجھے اعتراض اس بات پر بھی ہے کہ کیمرہ مین نے بھی اپنا کیمرہ شکور کے سر پر مارا جس سے اس کا ماتھا زخمی ہوا اور خون بھی نکلا۔  یہ کوئی طریقہ نہیں ہے، مجھے برا لگا۔
نواز شریف نے مزید کہا کہ میرا میڈیا کے ساتھ اچھا تعلق رہا ہے۔  عدالتوں میں جو بھی کارروائی ہوتی رہی اس میں آپ سب ساتھ رہے ، ایسے وقت میں کیسے آپ سب سے الگ ہو جاوں یا بگاڑلوں، آپ سب بلاخوف رپورٹنگ کرتے ہیں، ہمارے آپ کے ساتھ بڑے اچھے تعلقات ہیں۔

شیئر: