Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل کی طرح ویمنز کرکٹ لیگ بھی کرائی جائیں،جویریہ خان

لاہور:پاکستانی ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان جویریہ خان نے کہا ہے کہ ٹیم کی کارکردگی میں تسلسل وقت کے ساتھ آئے گا اور موجودہ صورتحال میں ہار جیت سے زیادہ اہم یہ ہے کہ ٹیم کی کارکردگی میں کتنی بہتری آرہی ہے ۔پی ایس ایل کی طرح ویمنز لیگ بھی کرائی جائے تاکہ خواتین کرکٹرز کو بھی کھیلنے کے زیادہ مواقع ملیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا، ہند، ویسٹ انڈیز، جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ میں ایک عرصے سے ویمنزکرکٹ کی سرگرمیاں جاری ہیں، ان کا ڈومیسٹک ڈھانچہ مضبوط ہے جبکہ لیگز بھی ہوتی ہیں، اب تو بنگلہ دیش میں بھی لیگ ہو رہی ہے اگر پاکستانی ویمنز کرکٹرز کو بھی یہ مواقع فراہم ہوں تو کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی۔ کھیل میں سرمایہ کاری کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔ ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ فی الحال پاکستان کی کارکردگی کا آسٹریلیا، انگلینڈ، ہند اور نیوزی لینڈ جیسی بڑی ٹیموں سے موازنہ درست نہیں۔ صورتحال میں بہتری آرہی ہے اور اس سے نتائج بھی بہتر ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ میرے کیریئر کے آغاز میں حالات مختلف تھے، کالج میں ٹرائلز کا معلوم ہوا،میں نے شرکت کی اور آگے آنے کا موقع مل گیا، اب پاکستان کرکٹ بورڈ نے ریجنز میں اکیڈمیاں بنا دی ہیں، اگر کسی لڑکی کو شوق ہے تو وہ آسانی سے اپنا راستہ بنا سکتی ہے۔کپتان نے کہا کہ نظم و ضبط کے معاملے میں پاکستان ٹیم بہت اچھی ہے، عام طور پر بھی حریفوں کو زچ کرنے کے لیے جملے کسنے کی مثالیں ویمنز کرکٹ میں زیادہ نظر نہیں آتیں۔جویریہ خان نے ویمنز ٹیم میں سینئرز کی اجارہ داری کا تاثر مسترد کردیا، انھوں نے کہا کہ سلیکشن ہمیشہ میرٹ کی بنیاد پر ہوتی ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ ہمارے پاس زیادہ کھلاڑی نہیں لیکن سینئر ہو یا جونیئر ٹیم میں جگہ اچھی کارکردگی کی بنیاد پر ہی ملتی ہے۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوزاسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: