Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت میں وطن عزیز کی مثبت شناخت اجاگر کرنے میں پی ای جی کا کردار مثالی ہے ، شہریار اکبر

جدہ۔۔۔ قونصل جنرل شہریار اکبر خان نے کہا ہے کہ مملکت میں مقیم کمیونٹی مثالی ہے جبکہ پاکستان ایگزیکٹیو گروپ کا تعاون قونصلیٹ کو ہمیشہ حاصل رہا ۔ پی ای جی کی جانب سے اپنے اعزاز میں منعقدہ الوداعی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے شہریار اکبر خان نے مزید کہا کہ پاکستان ایگزیکٹیو گروپ کے ممبران نے اپنی بہترحکمت عملی اور پیشہ ورانہ کارکردگی کی بنیاد پر پاک ، سعودی تعلقات کے استحکام اور وطن عزیز کی مثبت شناخت کو مملکت میں اجاگر کرنے میں مثالی کردار ادا کیا ۔ انہو ںنے مزید کہا کہ مملکت میں مقیم ہم وطنوں کی خدمت کے لئے قونصلیٹ میں بہتر اقدامات کئے گئے جن میں قونصلر ہال کی تزئین اور آنے والوں کےلئے انتظار گا ہ کو بہتر بنانے کے علاوہ قونصلر خدمات کے معیار کو بہتر کیا تاکہ ہم وطنوں کوپاسپورٹ کی تجدید اور دیگر امور کےلئے کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ انہو ں نے مزید کہا کہ پاسپورٹ کی میعاد 10 برس ہونے سے کافی فوائد ہوئے جس سے قونصلیٹ میں ہونے والے ازدحام پر کافی حد تک قابو پانے میں مدد ملی او ر ہم وطنوں کو بھی کافی سہولت ہوئی ۔ شہریار اکبر نے مزید کہا سعودی عرب اور پاکستان کے مابین مثالی برادرانہ تعلقات قائم ہیں جن میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے ۔ ارض حرمین کی قربت کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے یہاں مقیم کمیونٹی کو یہی کہوں گا کہ حرمین کے تقدس کا ہر طرح سے خیال رکھیں یہاں کے قوانین کا احترام کریں جو ہم وطن عمرہ پر آئے ہیں وہ عمرہ کی ادائیگی کے بعد وقت مقررہ پر وطن روانہ ہوں تاکہ کسی قسم کی مشکلات میں مبتلانہ ہوں ۔قبل ازیں پی ای جی کے قائمقام صدر ڈاکٹر مبشر شیخ نے افتتاحی خطاب میں قونصل جنرل شہریار اکبر کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا اپنے دور قیام میں انہوںنے ہمیشہ گروپ کے ساتھ مثالی تعاون کیا جس کی وجہ سے پاک ، سعودی تعلقات کو مثالی سطح پر لے جانے میں مددملی ۔ انہوں نے شہریار اکبر خان کو بطور قونصل جنرل 3 برس کامیابی سے مکمل کرنے اور سربیا میں بطور سفیر تعیناتی پر مبارک باد پیش کی ۔ ڈاکٹر منصور میمن نے اپنے خطاب میں قونصل جنرل کے دور قیام کے حوالے سے کہا شہریار اکبر خان کی مثالی کارکردگی جدہ کمیونٹی کبھی فراموش نہیں کرسکے گی ۔ انہو ںنے قونصلیٹ میں جس طرح ترقیاتی کا م انجام دیئے وہ سب سے سامنے ہیں جن کے باعث کمیونٹی کو کافی سہولت ملی ۔ میمن نے مزید کہا کسی کو الوداع کہنا اگرچہ بہت مشکل ہے ، اس مختصر سے لفظ میں و ہ تمام جذبات سمٹ جاتے ہیں جو گزرے ایام کی یادلئے ہوتے ہیں ۔ اس وقت میں شہریار اکبر کو الوداع ان ہی یادوں کے اثر کے تحت کہہ رہا ہو ں جو انکے ساتھ گزرے۔ دعا ہے کہ کامیابیاں انکے ہم دوش ہوں ۔ تقریب کے اختتام پر قونصل جنرل کی خدمات کے اعتراف میں انہیں یادگاری شیلڈ پیش کی گئی ۔ 
 

شیئر: