سردیوں کے موسم میں العلا کا ’المنشیہ کارنیول‘، خاندانوں کے لیے ایک یادگار تجربہ
سردیوں کے موسم میں العلا کا ’المنشیہ کارنیول‘، خاندانوں کے لیے ایک یادگار تجربہ
ہفتہ 3 جنوری 2026 0:04
العلا کمشنری میں ’طنطورہ ونٹرفیسٹول‘ میں جاری تفریحی سرگرمیوں میں ہفتہ وار تعطیلات کے دوران ’کارنیول المنشیہ‘ زائرین میں غیرمعمولی طورپر مقبول ہو رہا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق کارنیول کے ذریعے ایک منفرد اوپن ایئر تفریحی تجربہ زائرین پیش کیا جارہا ہے جس میں علاقائی ورثے اور ثقافت کے مختلف انداز کو روشناس کرایا جاتاہے۔
کارنیول المنشیہ میں انواع و اقسام کی تفریحی اورعلاقائی سرگرمیاں پیش کی جارہی ہیں جو ہر عمر اورمکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والوں کے مزاج سے ہم آہنگ ہیں۔
کارنیول میں بچوں کےلیے کلاسیکل کھیل ، ثقافتی سرگرمیاں ، محفل موسیقی کے علاوہ مختلف شوز اور ثقافتی پروگرامز پیش کیے جارہے ہیں۔
میلے میں جہاں بچوں کے لیے خصوصی کھیلوں کا انتظام ہے وہاں زائرین کے لیے علاقائی پکوانوں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے ۔ علاوہ ازیں مقامی دستکاری کا کارنر بھی موجود ہے جہاں العلا کی قدیم ثقافت کو اجاگر کرتے ہوئے وہاں کے ہنر کو اجاگر کیا جاتا ہے ۔
طنطورہ فیسٹول کی کھلی فضا میں ’کارنیول المنسیہ‘ میں آنے والے انواع و اقسام کی تفریحی سرگرمیوں سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔
میلے میں شرکت کرنے والوں کو مقامی اور سیزنل رسم و رواج کے بارے میں نہ صرف معلومات دی جاتی ہیں بلکہ انہیں ان میں شرکت کرنے کا موقع بھی فراہم کیا جاتا ہے۔
العلا کمشنری میں موسم سرما کا میلہ 10 جنوری تک جاری رہے گا(فوٹو،ایس پی اے)
خیال رہے العلا کمشنری میں ’ طنطورہ ونٹر فیسٹول‘ کی سرگرمیاں 10 جنوری 2026 تک جاری رہیں گی جس میں مختلف نوعیت کے تفریحی وثقافتی شوز پیش کیے جاتے ہیں۔
فیسٹول میں پیش کیے جانے والے پروگرامز میں سب سے نمایاں ’اولڈ سٹی نائٹس‘ ، طنطورہ بالکونیاں‘ اور المنشیہ کارنیول شامل ہے جو زائرین میں بے حد مقبول ہیں۔
واضح رہے طنطورہ ونٹر فیسٹول علاقے میں غیرمعمولی طورپر مقبول ہے جس میں شرکت کےلیے سالانہ بنیادوں پر اندورن اور بیرونِ مملکت سے بڑی تعداد میں زائرین باقاعدگی سے شرکت کرتے ہیں۔