Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’انتقامی کارروائیاں عمران نیازی کے گلے کا پھندا بنیں گی‘

لاہور:  مسلم لیگ ن کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ عمران نیازی کی انتقامی کارروائیاں اُن ہی کے گلے کا پھندا بنیں گی۔ ذرائع کے مطابق نیب لاہور آفس میں پیشی کے بعد میڈیا کے نمایندوں سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ عمران نیازی کا جعلی احتساب جاری ہے ، نوازشریف نے نیب کورٹ کی 165 پیشیاں بھگتیں اور شہباز شریف 3 ماہ سے گرفتار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں لاہور،راولپنڈی اورملتان میٹرو 90 ارب میں بنیں جبکہ پشاور میٹرو کی لاگت ایک کھرب تک پہنچ گئی ہے اس کی بھی تحقیقات ہونی چاہیے ۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ ہمیں کھوکھلے نعروں سے نہ ڈراؤ، نیازی صاحب کے احتساب کے پیچھے انتقام کی بو آتی ہے اوریہ انتقامی احتساب آپ کو بہت مہنگا پڑے گا، احتساب ہوناچاہیے لیکن یہ کیسا احتساب ہے جس میں نوازشریف اور شہبازشریف جیل میں جائیں اور آپ چیئرمین نیب کے ساتھ ملاقات کریں۔ عمران نیازی کی انتقامی کارروائیاں ان کے گلے کا پھندا بنیں گی۔ قبل ازیں حمزہ شہباز آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں نیب لاہور آفس میں پیش ہوئے جہاں ان سے آمدن سے زائد اثاثوں کے حوالوں سے تفتیش کی گئی۔  حمزہ شہباز اس سے قبل بھی صاف پانی کمپنی کیس اور آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں نیب میں پیش ہوچکے ہیں۔

شیئر: