Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سرفراز احمد کا بیٹنگ لائن کی کارکردگی پر اظہارِ مایوسی

کراچی:جنوبی افریقہ کیخلاف ٹیسٹ سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں مایوس کن کارکردگی کے بعد تیسرے ہی دن میچ ہارنے پر کپتان سرفراز احمد نے ٹیم کی بیٹنگ لائن کی کارکردگی پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔کپتان کا کہنا ہے کہ دوسرے دن کے آخری سیشن میں انتہائی ناقص بیٹنگ کی وجہ سے ہی میچ ہمارے ہاتھ میں نہیں آسکا، ہمیں اپنی غلطیوں کا احساس کرنا ہوگا۔ سنچورین ٹیسٹ میں ناکامی کے بعد سرفراز احمد نے کہا کہ پاکستان کے پاس بہترین فاسٹ بولرز ہیں لیکن کسی بھی حریف کا ڈٹ کا مقابلہ کرنے کیلئے بیٹنگ لائن کی جانب سے اچھا ٹوٹل حاصل کرنا ضروری ہے۔انھوں نے کہا کہ دوسری اننگز میں چائے کے وقفے تک ہم بہتر پوزیشن میں تھے لیکن آخری سیشن میں بہت زیادہ وکٹیں اور بڑے اسکور کا موقع گنوا دیا، اگر مزید ایک گھنٹہ بیٹنگ کرتے تو پروٹیز کو بہتر ہدف دے سکتے تھے، آخری سیشن میں ناقص کھیل کی وجہ سے ہی میچ ہمارے ہاتھ سے نکل گیا تھا، فارم میں واپسی کیلئے ہمیں سخت محنت کے ساتھ نیٹ پریکٹس کی ضروری ہے ۔ایک سوال پر سرفراز احمد نے کہا کہ دوسری اور چوتھی اننگز میں بیٹنگ مسلسل مشکلات کا شکار ہو رہی ہے، ہم اچھا آغاز کرتے ہیں لیکن ایک وکٹ گرتے ہی میچ پر گرفت کمزور پڑنے لگتی ہے، دباوکا شکار ہوتے ہی ہماری مشکلات بڑھ جاتی ہیں، ہیملٹن ٹیسٹ 2016 سے ہی یہ سلسلہ چلا آرہا ہے،اب کافی وقت ہو گیا، ہمیں اپنی غلطیوں کا احساس کرنا ہوگا۔ کپتان نے دبے لفظوں میں وکٹ کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہاں ڈھائی دن ہی میں میچ ختم ہو گیا، کسی بھی بیٹسمین کیلئے آغاز کرنا آسان نہیں تھا۔
 کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوزاسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: