Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیپ ٹاون ٹیسٹ کیلئے متوازن ٹیم کا انتخاب دردسر بن گیا

کیپ ٹاون:پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دوسرے ٹیسٹ کیلئے متوازن ٹیم کا انتخاب دونوں حریفوں کے لئے بڑا درد سر بن گیا ہے اور دونوں ٹیمیں اس کشمکش میں مبتلا ہیں کہ کس کھلاڑی کو ٹیم میں شامل کیا جائے اور کسے نکالا جائے۔ پاکستان ٹیم کے زخمی فاسٹ بولر محمد عباس جو پہلا ٹیسٹ نہیں کھیلے تھے دوسرے ٹیسٹ کیلئے فٹ ہیں تاہم محمد عامر کی فارم میں واپسی اور مجموعی طور پر پاکستانی بولرزکی کارکردگی دیکھ کر ٹیم انتظامیہ شاہین شاہ آفریدی کو ڈراپ کرنے پر مجبور ہو گی ۔ زخمی بیٹسمین حارث سہیل بھی دوسرے ٹیسٹ کیلئے فٹ ہوگئے ہیں۔ ان کے جگہ پاکستان نے نوجوان شان مسعود کو موقع دیا تھا جنھوں نے دوسری اننگز میں اچھی کارکردگی دکھا کر ٹیم انتظامیہ کو مشکل میں ڈال دیا ہے۔ایسے میں تجویز ہے کہ آوٹ آف فارم اوپنر بیٹسمین فخر زمان کو ڈراپ کرکے شان مسعود کو کھلایا جائے۔ اسد شفیق کو باہر کرنے کی تجویز کپتان سرفراز احمدنے رد کردی وہ اسد شفیق کو  کھلانا چاہتے ہیں جبکہ ہیڈ کوچ مکی آرتھر دوسرے ٹیسٹ میں ان کی جگہ محمد رضوان کو کھلانے کے خواہش مند ہیں ۔جنوبی افریقہ کو بھی کچھ اسی طرح کے مسائل کا سامنہ ہے۔جنوبی افریقہ نے سنچورین میں ہونے والا پہلے ٹیسٹ میچ میں 6 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔ ان کی اس جیت میں 11وکٹیں لے کر مرکزی کردار ڈوئن اولیور نے ادا کیا۔ اولیور کو کھیلنے کا موقع اسٹرائیک بولر ورنن فیلینڈر کے زخمی ہونے کے بعد دیا گیا۔ فیلینڈر گزشتہ9میچوں میں 16 کی اوسط سے 49 وکٹیں لے چکے ہیں ، اس کے علاوہ وہ بولنگ آل راونڈر کا کردار بھی ادا کرتے ہیں، انھوں نے پچھلے 21 میچوں میں 700سے زیادہ رن بنائے ہیں۔اس کے علاوہ دوسر ے بولر کاگیسو ربادا ہیں جو کہ آئی سی سی کی ٹیسٹ رینکنگ میں پہلے نمبر پر ہیں جبکہ جنوبی افریقہ اپنے سب سے سینیئر اور سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر ڈیل سٹین کو بھی ڈراپ نہیں کر نا چاہتا، اولیور کو کھلانے کا واحد طریقہ بیٹسمین تھیونس ڈی برﺅن کو ڈراپ کرنا ہے۔ اس میچ میں جنوبی افریقہ پاکستان کے خلاف ا سپن بولر کو بھی کھلانا چاہتا ہے اور یہ ذمہ داری کیشو مہاراج پوری کریں گے۔ایسے میں جنوبی افریقہ کے پاس ایسی کوئی گنجائش نہیں بن رہی جس میں وہ ڈوئن اولیور کو کھلا سکیں۔ جبکہ جنوبی افریقی کپتان فاف ڈو پلیسس پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ فلینڈر دوسرے ٹیسٹ میچ میں اپنے ہوم گراونڈ پر ضرور کھیلیں گے۔
 کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوزاسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: