سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے جمعرات کو ریاض میں پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار، ترکیہ کے ہم منصب ہاکان فیدان اور مصری وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی نے ملاقات کی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ملاقات میں عرب اور اسلامی وزرائے خارجہ کے مشاورتی اجلاس کے موقع پر خطے کی صورتحال اور ایران کی فوجی کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مشرق وسطی میں سلامتی اور استحکام کے حصول کے لیے رابطے اور مشاورت جاری رکھنے کی اہمیت پر بات کی گئی۔
یاد رہے 28 فروری سے ایران کی جانب سے امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ تنازع شروع ہونے کے بعد سعودی عرب اور خلیجی ملکوں کو میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔