اپوزیشن کو ختم کیا جا رہا ہے،اسفند یار
پشاور....عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیارولی نے کہا ہے کہ ملک میں اپوزیشن کو ختم کیا جارہا ہے۔احتساب اورانتقام میں نیب والے فرق نہیں کر رہے ہیں۔ فاٹا میں الیکشن میں حصہ لیں گے۔پشاور میں پارٹی کے تھینک ٹینک اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں اسفندیارولی نے کہا کہ مجھ پر ملا ئیشیا میں جائیدادیں اورہوٹل بنانے کا الزام خان صاحب نے لگایا تھا۔ اب تمام ادارے ماتحت ہیں ، تحقیقات کریں۔میرے نام پر کوئی عمارت یا ہوٹل ہے تو مجھے دیں تاکہ فروخت کرکے پیسے ڈیم فنڈ میں دوں ۔ انہوںنے کہا کہ کہتے ہیں گزشتہ حکومتوں نے اتنا قرضہ لیا۔ کپتان صاحب جواب دیں کہ روپے کی قدر کم ہونے سے قرضوں میں کتنا اضافہ ہوا۔انہوںنے کہاکہ ملکی کی سیاسی صورتحال کی ہلچل تشویشناک ہے۔احتساب اور انتقام میں نیب والے فرق نہیں کر رہے ہیں۔ کپتان کی بہن کے17 ارب روپے نکلے تو وہی قانون اس پر لاگو کریں ، جو بھی رقم نکلے تو وہ بے نامی ہے ۔