Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اہم مقامات کی بجلی منقطع‘ ایوان صدر اور وزیر اعظم ہاؤس کو نوٹس

اسلام آباد:سینیٹ کی ہاؤس کمیٹی میں انکشاف ہوا ہے کہ کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کو فنڈز کی عدم فراہمی کی وجہ سے ایوان صدر سمیت دیگر اہم عمارتوں کے بجلی کے بل ادا نہیں کیے جا رہے۔ ذرائع کے مطابق بل عدم ادائیگی پر ایوان صدر کے بجلی کے کنکشن منقطع کرانے کے لیے آئیسکو نے نوٹس جاری کردیا ہے جبکہ پاکستان مونومنٹ اور پاک چین فرینڈ شپ سینٹر کے کنکشن کاٹ دیے گئے ہیں۔
ایڈیشنل سیکرٹری خزانہ نے مزید انکشاف کیاکہ وزیر اعظم ہاؤس کو بھی نوٹس جاری ہواہے ، سول ڈیفنس کے ڈائریکٹر جنرل نے انکشاف کیاکہ پارلیمنٹ لاجز میں لگے فائر الارمنگ سسٹم مکمل طور پرغیر فعال ہیں جبکہ آگ پر کنٹرول کرنے کے لیے واٹر ہائیڈرنٹس تو نصب ہیںلیکن 2004ء سے اب تک یہ واٹر ہائیڈرنٹس کبھی فعال ہی نہیں ہواہے ۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والاکی زیر صدارت اجلاس میں چیئرمین سی ڈی اے کاکہناتھاکہ ایوان صدر، پارلیمنٹ ہاوس، پارلیمنٹ لاجز، پاک چین دوستی سنٹر،پاکستان مونومنٹ ،اے جی پی آر بلڈنگ،کابینہ بلاک سمیت دیگر عمارت کی مرمت،تزئین و آرائش اور عملے کی ادائیگیوں سمیت دیگر اخراجات کے لیے رواںمالی سال کے بجٹ میں 2 ارب 19 کروڑ 70 لاکھ روپے مختص ہواتاہم ابھی تک48 کروڑ81 لاکھ جاری ہوئے ہیں۔ان کاکہناتھاکہ ہمیں فنانس ڈویڑن سے بروقت فنڈز جاری نہ ہونے کی وجہ سے مرمت کاکام مشکل ہوجاتاہے ۔

شیئر: