Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جنوبی افریقہ سے ون ڈے سیریزکیلئے پاکستانی ٹیم کااعلان

لاہور:جنوبی افریقہ کے خلاف5 ون ڈے میچوں کی سیریز کیلئے پاکستان کرکٹ کی سلیکشن کمیٹی نے 16رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔ شان مسعود، محمد رضوان اور محمد عامر کی قومی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان5 ون ڈے سیریز کا پہلا میچ 19جنوری کو کھیلا جائے گا۔ حارث سہیل انجری کے سبب سیریز نہیں کھیل سکیں گے۔چیف سلیکٹر انضمام الحق نے اسکواڈ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اسکواڈ کا فیصلہ سلیکشن کمیٹی، کوچ مکی آرتھر اور کپتان سرفراز احمد کی رضامندی سے کیا گیا ہے اور ہم نے رواں سال شیڈول ورلڈ کپ سمیت ون ڈے کرکٹ میں قومی ٹیم کے چیلنجز کو مدنظر رکھتے ہوئے کوشش کی ہے کہ ٹیم میں زیادہ تبدیلیاں نہ کی جائیں۔جنید خان کو ڈراپ کئے جانے کے سوال پر چیف سلیکٹر نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ فاسٹ بولر کو اپنی بولنگ پر مزید کام کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ فٹنس مسائل کے سبب وہ گزشتہ سیریز میں نیوزی لینڈ کے خلاف بھی نہیں کھیل سکے تھے۔ محمد عباس ون ڈے کرکٹ کا حصہ ہیں لیکن وہ حال ہی میں انجری سے صحتیاب ہوئے ہیں ان پر زیادہ بوجھ نہیں ڈالنا چاہتے ۔ محمد عامر نے جنوبی افریقہ میں جاری ٹیسٹ سیریز میں اچھی بولنگ کی ۔آصف علی کو غیرمستقل مزاجی اور توقعات کے مطابق کارکردگی نہ دکھانے پر ڈراپ کر کے حسین طلعت کو موقع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ شان مسعود 16رکنی اسکواڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے ہیں جبکہ ڈومیسٹک اور فرسٹ کلاس میں عمدہ کھیل پیش کرنے والے وکٹ کیپر/بیٹسمین محمد رضوان بھی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔ سیریز کا پہلا میچ 19جنوری کو پورٹ الزبتھ میں کھیلا جائے گا جس کے بعد ڈربن، سنچورین، جوہانسبرگ اور کیپ ٹاون میں میچز ہوںگے۔پاکستان ٹیم میں سرفراز احمد(کپتان)، امام الحق، شان مسعود، فخر زمان، بابر اعظم، شعیب ملک، محمد حفیظ، حسین طلعت، شاداب خان، عماد وسیم، فہیم اشرف، محمد رضوان، حسن علی، محمد عامر، شاہین شاہ آفریدی اور عثمان شنواری شامل ہیں۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوزاسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: