Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکبانوں کے مسائل وزیراعظم عمران خان کو پیش کرونگا، ذوالقرنین

پی جے ایف کے اعزاز میں عشائیہ سے پی ٹی آئی کے چیف آرگنائزرکا خطاب
جدہ (جاوید راہو) تحریک انصاف کے چیف آرگنائزرسعودی عرب و مڈل ایسٹ ذوالقرنین علی خان نے پاکستان جنرنلسٹس فورم (پی جے ایف) کے اعزاز میں ایک پر تکلف عشائیہ کا اہتمام کیا۔ پی جے ایف کے چیئرمین امیر محمد خان نے ذوالقرنین علیخان کو حال ہی میں یوٹیلٹی کارپوریشن آف پاکستان کیلئے چیئرمین کی تقرری پر مبارکباد دی۔انھوں نے امید ظاہر کی کہ ذوالقرنین علی خان اپنی بہترین صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے کارپوریشن کی حالت کو بہتر بنائیں گے اور اسے ترقی دیں گے۔ امیر محمد خان نے صحافیوں کی مشکلات اور کمیونٹی کے مسائل کا بھی ذکر کیا۔ جن میں پی ٹی آئی میں گروپنگ اور اسکول کا مسئلہ سرِ فہرست تھا۔ ذوالقرنین علی خان نے کہا کہ آپ لوگوں کے درمیان اپنے آپ کو پاکر بہت خوشی محسوس کرتا ہوں۔ آپ لوگوں کی خدمات سے آگاہ ہوں ۔ انھوں نے عمران خان کی طرف سے یو ٹیلٹی کارپوریشن کے چیئرمین کی ذمہ داری کے بارے میں کہا کہ میں اس کے لئے بالکل آمادہ نہ تھا مگر جب ملک میں نظام کی بہتری کےلئے اس شرط پر کہ مجھے کارپوریشن کے حالات کو درست کرنے میں پوری خود مختاری اور اختیارات کے استعمال کی اجازت ہوگی، ذمہ داری قبول کرلی۔ انھوں نے کہا کہ اگر یوٹیلیٹی کارپوریشن اپنے پیروں پر کھڑی ہوجائے۔تویہ صحیح معنوں میں عوام کو روٹی، کپڑا اور مکان میسر کرے گی۔اس موقع پرذوالقرنین نے پی جے ایف سے کہا کہ تارکین سے متعلق جو مسائل ہوں اسکی فہرست مجھے مہیا کردیں تاکہ قریبی ملاقات میں وزیر اعظم کو پیش کرسکوں ۔ علاوہ ازیں انھوں نے بتایا کہ تارکین وطن اپنے ہمراہ 2موبائل لے جاسکتے ہیں۔تقریب کے دوران سعودی عرب میں 40 برس سے مقیم پیپلز پارٹی کے معروف رہنما اور پاکستان قومی یکجہتی فورم کے بانی کنوینر سید ریاض حسین بخاری نے کرپشن سے پاک نئے پاکستان کی بنیاد رکھنے والے عمران خان پر اپنے بھر پور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔ انھوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ اپنی صلاحیتوں اور تجربہ کو بروئے کار لاتے ہوئے پارٹی کی بھر پورخدمت کریں گے۔ ظفر علی خان ، مصطفی خان، پی ٹی آئی جدہ سٹی کے صدر احمد بشیر کے علاوہ سینیئر رہنما جمیل لالا، تنویر صدیق خان ' انجم وڑائچ ، چوہدری ناصر، ریاض شاہین آفریدی، ودیگر ،مکہ سٹی سے سیکرٹری جنرل سید خاقان موجود تھے۔ تمام ممبران نے عہد کیا کہ پاکستان کو کرپشن سے پاک انصاف پسند ریاست بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے اور عمران خان کا خواب مدینہ جیسی ریاست کو تکمیل تک پہنچائیں گے۔

شیئر: