Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تل ابیب میں خطرے کے سائرن، ایران نے اسرائیل پر میزائل داغ دیے

لبنان کی وزارتِ صحت کے مطابق حزب اللہ کے ساتھ حالیہ جنگ کے آغاز سے اب تک اسرائیلی حملوں میں 826 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
اسرائیل کی فوج نے اتوار کی صبح بتایا کہ ایران نے اسرائیل کی جانب میزائلوں کی ایک اور کھیپ داغ دی ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق تل ابیب میں خطرے کے سائرن بج اٹھے جبکہ زوردار دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئیں۔
دوسری جانب لبنانی مزاحمتی گروہ حزب اللہ نے بتایا کہ سنیچر کی رات جنوبی لبنان کے شہر خیام میں اس کی اسرائیلی افواج کے ساتھ ’براہِ راست جھڑپیں‘ ہوئیں۔
بیان کے مطابق ان جھڑپوں میں ہلکے اور درمیانے درجے کے ہتھیاروں کے ساتھ ساتھ راکٹ سے داغے جانے والے گولے بھی استعمال کیے گئے۔
ایک لبنانی عہدیدار کے مطابق لبنان اسرائیل کے ساتھ مذاکرات کے لیے ایک وفد تشکیل دینے پر کام کر رہا ہے تاکہ ایران کی حمایت یافتہ حزب اللہ کے ساتھ جاری جنگ کو ختم کرنے کی کوشش کی جا سکے، تاہم اسرائیل نے ابھی تک اس اقدام پر باقاعدہ آمادگی ظاہر نہیں کی۔
عہدیدار نے کہا کہ ’مذاکرات کی بات ہو رہی ہے اور ایک وفد تشکیل دینے کی تیاری جاری ہے، تاہم نہ تو وقت اور نہ ہی مقام کا تعین کیا گیا ہے، جبکہ پیرس اور قبرص کو ممکنہ مقامات کے طور پر زیرِغور لایا جا رہا ہے۔‘
ترکیہ کے وزیر خارجہ حاکان فیدان نے کہا کہ ان کے ملک کو خدشہ ہے کہ اسرائیل حزب اللہ کے خلاف لڑائی کے بہانے لبنان پر جاری حملوں کے دوران ’ایک نئی نسل کشی کی طرف بڑھ رہا ہے۔‘
لبنان کی وزارتِ صحت کے مطابق حزب اللہ کے ساتھ حالیہ جنگ کے آغاز سے اب تک اسرائیلی حملوں میں 826 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں 65 خواتین اور 106 بچے شامل ہیں، جبکہ 2009 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

 

شیئر: