پاکستان میں حکومت نے عیدالفطر پر کتنی چھٹیوں کا اعلان کیا ہے؟
سپارکو کے مطابق عید کا زیادہ امکان 21 مارچ کو ہے: فائل فوٹو اے ایف پی
پاکستان میں حکومت کی جانب سے عیدالفطر کی دو سرکاری تعطیلات کا اعلان کیا گیا ہے۔
اتوار کو وزیراعظم شہباز شریف کی منظوری کے بعد کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق جمعہ 20 مارچ اور سنیچر21 مارچ کو سرکاری چھٹیاں ہو گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق چھٹیوں کا اطلاق ہفتے میں پانچ اور چھ دن کام کرنے والے تمام دفاتر پر یکساں ہو گا۔
پاکستان میں سرکاری ملازمین کو اتوار کو چھٹی ہوتی ہے اور پیر کو 23 مارچ کی سرکاری چھٹی ہو گی۔ اس طرح سے سرکاری دفاتر چار دن کے لیے بند ہوں گے۔
11 مارچ کو پاکستان سپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) کے ایک بیان کے مطابق 19 مارچ کی شام شوال کا چاند نظر آنے کے امکانات کم ہیں کیونکہ غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 12 گھنٹے 41 منٹ ہوگی۔
سپارکو کے مطابق 21 مارچ کو عیدالفطر ہونے کا امکان ہے تاہم شوال کے چاند کا حتمی اعلان رویت کا اعلان مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کرے گی۔