پانی ہی نہیں ڈیمز کہاں سے بھریں گے، وزیراعلی سندھ
کراچی ...وزیراعلی سندھ مرادعلی شاہ نے کہا ہے کہ وفاق سندھ سے پانی کے معاملے پر زیادتی کر رہا ہے۔ مزید ڈیمز کے لئے ہمارے پاس پانی نہیں۔جب پانی ہی نہیں تو ڈیم کو کہاں سے بھریں گے۔ اپنی لیڈر شپ اورعوام کو جواب دہ ہوں۔ جے آئی ٹی کے بارے میں بھی بولوں گا لیکن ابھی وقت کم ہے۔بدھ کو سندھ اسمبلی میں اظہار خیال کے دوران وزیراعلی نے کہا کہ وفاق سندھ سے پانی کے معاملے پر زیادتی کررہا ہے۔سندھ کا خطہ سب سے زیادہ زرخیز تھا۔ انگریزوں نے 1859 سے رکاوٹیں ڈالنا شروع کیں۔سندھ میں تو 5 دریاوں سے پانی آتا تھا۔انگریز نے گریٹر تھر کینال کی مخالفت کی تھی مگر پھر ڈکٹیٹر نے اسے بنادیا۔اس وقت سندھ کا حصہ 48.7 ملین ایکٹر یعنی پنجاب سے زیادہ تھا جب کہ 1948 میں ہندنے پانی بند کردیا تھا۔انہوںنے کہا کہ انڈس واٹر ٹریٹی میں سندھ کا ایک بھی نمائندہ نہیں لیا گیا۔انڈس واٹر ٹریٹی میں ہند کو 3 دریا دے د ئیے گئے۔ پانی تو کم ہونا ہی تھا۔ پانی ہے نہیں تو ڈیم کو کہاں سے بھریں گے۔انہوںنے کہا کہ کوئی ثابت نہیں کر سکتا کہ بے نظیر بھٹو کے دور حکومت میں کالا باغ ڈیم کے لئے پیسے رکھے گئے تھے۔وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ جب ہمیں فصل کے لئے پانی چاہیے ہوتا ہے تو وہ منگلا ڈیم بھر رہے ہوتے ہیں۔ ڈیم میں پانی تب بھرا جاتا ہے جب پانی اضافی ہو۔