Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سنچورین: بارش کی مدد سے جنوبی افریقہ نے تیسرا ون ڈے جیت لیا

سنچورین: جنوبی افریقہ نے تیسرے ون ڈے میں پاکستان کو 13 رنز سے شکست دیکر5 میچوں کی سیریز میں1-2سے برتری حاصل کرلی۔پاکستان نے جیت کیلئے 318 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں پروٹیز نے 33 اوورز میں 2 وکٹوں پر 187 رنز بنائے اور اسے جیت کیلئے مزید 131 رنز درکار تھے لیکن بارش کی وجہ میچ رک گیاجس کے بعد میچ شروع نہ ہوسکا اور جنوبی افریقہ کو ڈک ورتھ لیوئس میتھڈکے تحت 13 رنز سے کامیاب قرار دے دیاگیا۔ جنوبی افریقہ کے کپتان فاف ڈوپلیسس اور ہینڈرکس کے درمیان تیسری وکٹ کی شراکت میں 108 رنز بنے، ہینڈرکس 83 اور ڈوپلیسس نے 40 رنز بنائے اورناٹ آوٹ رہے جبکہ ڈی کوک 33 اور ہاشم آملہ 25 رنز بنا سکے۔ سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، فخرزمان اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا لیکن فخر صرف 2 رنز بناسکے جس کے بعد امام الحق نے بابراعظم کے ساتھ ملکر ذمہ دارنہ بیٹنگ کرتے ہوئے 132 رنز کی شراکت قائم کی، اس دوران دونوں نے نصف سنچریاں مکمل کیں تاہم بابراعظم 69 رنز بنا کر ڈیل اسٹین کا شکار بنے۔ محمد حفیظ اور امام الحق کے درمیان بھی 84 رنز کی شراکت قائم ہوئی، ہاشم آملہ نے 10 رنز پر کیچ چھوڑ کو حفیظ کو موقع دیا جس کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے انہوں نے نصف سنچری اسکور کی اور 52 رنز پر ربادا نے آوٹ کیا۔ اس دوران امام الحق نے اپنی اننگز جاری رکھی اور کیریئر کی 5ویں سنچری اسکور کرتے ہوئے 116 رنز پر 101 رنزبنائے۔امام الحق نے ون ڈے میں تیز ترین ایک ہزار رنز بنانے والے دوسرے کرکٹر کا اعزاز بھی حاصل کرلیا، انہوں نے یہ اعزاز 19 میچوں میں حاصل کیا جبکہ تیز ترین ایک ہزار رنز بنانے والے پہلے کرکٹر فخرزمان نے یہ کارنامہ 18 میچوں میں انجام دیا، بابراعظم 21 میچوں میں تیز ترین ایک ہزار رنز بناکر تیسرے نمبر پرہیں۔شعیب ملک اور عماد وسیم نے آخری اوورز میں جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 52 رنز کی شراکت قائم کی، شعیب ملک 31 رنز بناکر ربادا کی گیند پر غیر ضروری شارٹ کھیلتے ہوئے کیچ آوٹ ہوئے جبکہ عماد وسیم نے 23 گیندوں پر 43 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ جنوبی افریقہ کے ڈیل اسٹین اور کاگیسو ربادا نے 2،2 اور ون ڈے میں ڈیبیو کرنے والے ہینڈرکس نے ایک وکٹ حاصل کی۔سیریز کا چوتھا ون ڈے 27جنوری کو جوہانسبرگ میں کھیلا جائے گا۔
کھیلوں کی مزید خبریں اورتجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ میں " اردو نیوز اسپورٹس" جوائن کریں

شیئر: