Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پنک ڈے: پاکستان نے چوتھا ون ڈے 8 وکٹوں سے جیت لیا

جوہانسبرگ: پاکستان نے ون ڈے سیریز کے چوتھے میچ میں جنوبی افریقہ کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 2-2 سے برابر کردی ۔ پنک ون ڈے کے اس خاص موقع پرپاکستانی بلے بازوں نے میزبان ٹیم کے 165 رنز کے آسان ہدف کو پراعتماد انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 2 وکٹوں کے نقصان پر 32 ویں اوور میں پورا کرلیا۔ گزشتہ میچ میں سنچری بنانے والے امام الحق نے اپنی شاندار کارکردگی کے سلسلے کو برقرار رکھتے ہوئے 71 رنز بنائے اور ناقدین کو خاموش رہنے پر مجبور کردیا جبکہ فخر زمان نے خوبصورت اننگز کھیلتے ہوئے44 رنز بنا ئے ، بابر اعظم 41 اور سرفراز احمد کی جگہ شامل ہونے والے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان 4 رنز پر ناٹ آوٹ رہے۔ عمران طاہر اور فیلکوا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔قبل ازیں پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو پروٹیز کی جانب سے ہاشم آملہ اورڈی کوک نے آغاز کیا تاہم شاہین آفریدی نے دوسرے ہی اوور میں ڈی کوک کوصفر پر پویلین بھیج دیا جس کے بعد ہینڈرکس بیٹنگ کیلئے آئے لیکن وہ بھی صرف 2 رنز بنانے کے بعد شاہین آفریدی کا شکار ہوگئے۔کپتان فاف ڈوپلیسس نے ہاشم آملہ کے ساتھ ملکر تیسری وکٹ کیلئے 101 رنز کی شراکت قائم کی، اس دوران دونوں بلے بازوں نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔ ڈوپلیسس 57 رنز بناکر شاداب خان اور ہاشم آملہ 59 رنز پر عماد وسیم کا شکار بنے جبکہ ڈیوڈ ملر بھی صرف 4 رنز کے ہی مہمان ثابت ہوئے۔حیران کن طور پر میزبان ٹیم کی آخری 5 وکٹیں صرف 8 رنز پر گریں اور 157 رنز پر پانچویں وکٹ گرنے کے بعد صرف 164 رنز ہی بناسکی۔ عثمان شنواری نے ایک ہی اوور میں پروٹیز کے 3 کھلاڑیوں وین ڈیر ڈاسن، ڈیل اسٹین اور کاگیسو ربادا کوآوٹ کیا اور اگلے ہی اوور میں اینڈائل فیلکوایو کو 11 رنز پر آوٹ کردیا۔عمران طاہر کوشاداب خان نے آوٹ کیا۔ قومی ٹیم کی جانب سے عثمان شنواری نے 4، شاداب خان اور شاہین آفریدی نے 2،2 جبکہ محمد عامر اور عماد وسیم نے ایک ،ایک وکٹ حاصل کی۔ کپتان سرفراز احمد پر 4 میچوں کی پابندی کے باعث شعیب ملک نے کپتان اور محمد رضوان نے وکٹ کیپر کے فرائض انجام دئیے، حسن علی کی جگہ عثمان شنواری کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔عثمان شنواری نے 35رنز دیکر 4وکٹیں حاصل کیں اور مین آف دی میچ رہے۔ جوہانسبرگ میں یہ سالانہ پنک ڈے میچ تھا، گزشتہ 6 سال سے کینسر کے مریضوں کیلئے فنڈز جمع کرنے کی خاطر میزبان کرکٹرز گلابی کٹ پہن کر میدان میں اترتے ہیں اور ساتھ ہی ساتھ پورا اسٹیڈیم اس رنگ میں رنگ جاتا ہے اور کینسر کے مریضوں سے یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔سیریز کا آخری اور فیصلہ کن میچ 30 جنوری کو کیپ ٹاون میں کھیلا جائے گا۔
 کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوز اسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: