موسم سرما کے دوران بحیرۂ احمر میں مہم جوئی کا لطف ہی الگ
جدہ کی مہمان نوازی اور ثقافتی مقامات ان تجربات کو مزید یادگار بنا دیتے ہیں( فوٹو: ایس پی اے)
جدہ میں موسمِ سرما کے دوران بحیرۂ احمر کے ساحلی علاقوں میں سمندری تفریح کے مواقع سیاحوں کی توجہ کا مرکز بن رہے ہیں۔ ساحل سمندر، ریزوٹس، غوطہ خوری کے مقامات اور واٹر سپورٹس کی سہولت مہم جوئی، سکون اور سمندری عجائبات کی تلاش کے متعدد مواقع فراہم کرتی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق یہ تفریحی سرگرمیاں مملکت کے سیاحتی سیزن کے پروگراموں کے تحت سیاحتی تجربات کا حصہ ہیں۔ جدہ اور ابحر سے روانہ ہونے والے بحری تفریحی سفر سیاحوں کو کھلے سمندر اور ساحلی مناظر سے لطف اندوز ہونے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔
کشتیوں، لگژری یاٹس، بادبانی جہاز رانی،غروب آفتاب کاحسین نظارہ، تیراکی، ماہی گیری اور قریبی جزائر کی سیر جیسی سرگرمیاں شامل ہیں جو انفرادی سیاحوں اور فیملیز دونوں کے لیے موزوں ہیں۔
سعودی ریڈ سی اتھارٹی نے تفریحی کشتیوں کو کرائے پر دینے کی سرگرمیوں کے لیے مخصوص ضوابط اور تقاضے وضع کیے ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد سمندری تفریحی خدمات کا معیار بہتر بنانا اور ان سے استفادہ کرنے والوں کی سلامتی کو یقینی بنانا ہے۔
غوطہ خوری کے مقامات بھی سمندری حیات کی تلاش اور قدرتی حسن سے لطف اندوز ہونے کے شوقین افراد کو اپنی جانب متوجہ کرتے ہیں۔ یہاں موجود مرجانی چٹانیں، قدرتی آبی ساختیں اور مختلف اقسام کی آبی مخلوقات اس علاقے کو غوطہ خوری کے لیے منفرد مقام بناتی ہیں۔

جدہ میں ساحلی تفریحی سرگرمیوں کا دائرہ واٹر سپورٹس اور دیگر سرگرمیوں تک پھیلا ہوا ہے۔ ’الدرہ‘ ساحل پر واقع ’کونا واٹرسپورٹس کلب‘ ساحلی مہم جوئی کے شائقین کے لیے نمایاں مقام ہے۔
اسی طرح ’درۃ العروس ریزورٹ‘ اور جدہ کے شمال میں واقع شیڈز بیچ بھی سیاحوں کو تفریح، آرام اور مختلف سمندری سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرتے ہیں۔

جدہ کی مہمان نوازی، بہترین ریستوران اور ثقافتی مقامات ان تجربات کو مزید یادگار بنا دیتے ہیں جس میں سیاحوں کو ساحلی تفریح کے ساتھ شہر کے تاریخی مقامات اور ورثے کو دیکھنے کا موقع ملتا ہے۔
سماجی خدمات اور سہولتوں کی مسلسل ترقی، اس کے ساتھ سیفٹی اور سمندری ماحول کے تحفظ کے لیے اقدامات جدہ کو ایک متنوع اور سال بھر سیاحت کے لیے بہترین مقام کے طور پر مزید مستحکم بنا رہے ہیں۔
