Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’مکہ سے دنیا تک‘: جدہ میں چار روزہ حج کانفرنس و نمائش کا آج سے آغاز

 وفاقی وزیرمذہبی امور سردار محمد یوسف وفد کی سربراہی کریں گے۔ ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارتِ حج و عمرہ کے زیر اہتمام اور پِلگرم ایکسپیریئنس پروگرام کے اشتراک سے چار روزہ حج کانفرنس و نمائش کا آغاز اتوار 8 نومبر سے جدہ سُپر ڈوم میں ہو رہا ہے۔ 
 وفاقی وزیرمذہبی امور سردار محمد یوسف کانفرنس میں پاکستانی وفد کی سربراہی کریں گے۔ حج 2027 کے انتظامات، پاکستانی عازمین کو بہتر سہولتوں کی فراہمی اور سعودی حکام کے ساتھ حج خدمات کے معاہدوں کو بروقت حتمی شکل دینے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
 پاکستانی عازمین کے لیے رہائش، ٹرانسپوٹ اور دیگر ضروری سہولتوں کے انتظامات کو بروقت مکمل کرنے اور متعلقہ سعودی اداروں کے ساتھ رابطہ کاری مزید مؤثر بنانے پر توجہ دی جائے گی۔
کانفرنس میں 150 سے زائد  ملکوں اور 520 سے زیادہ سرکاری، نجی اور غیر منافع بخش اداروں کے نمائندوں کی شرکت کر رہے ہیں۔
یہ عالمی اجتماع حج خدمات کو جدید خطوط پر استوار کرنے، انتظامی استعداد بڑھانے اور عازمین کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے تجربات اور جدید حل کے تبادلے کا اہم پلیٹ فارم ہوگا۔
کانفرنس کے ساتھ 67 ہزار مربع میٹر سے زیادہ رقبے پر محیط خصوصی نمائش بھی منعقد کی جائے گی جس میں ہوابازی، ٹرانسپورٹ، رہائش، صحت، بنیادی ڈھانچے، ٹیکنالوجی اور افرادی قوت سے متعلق ادارے اپنی خدمات اور جدید سہولتیں پیش کریں گے۔
عازمین حج کے سفر کے مختلف مراحل کو آسان بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور عملی حل بھی اجاگر کیے جائیں گے۔

 کانفرنس میں 15 سے زائد خصوصی زونز اور پروگرام شامل ہوں گے جن میں حج کانفرنس، حج کونسل، بزنس سینٹر، انٹرپرینیورشپ اینڈ انوویشن زون اور ہیکاتھون قابل ذکر ہیں۔
ٹیکنالوجی، صحت، میڈیا اور ہوابازی کے لیے مختص خصوصی زونز میں بھی متعلقہ شعبوں کی نئی پیش رفت اور جدید سہولتیں پیش کی جائیں گی۔
کانفرنس کے دوران خصوصی مباحثوں، ورکشاپس، گول میز اجلاسوں اور کاروباری ملاقاتوں کا اہتمام بھی کیا جائے گا جن کے ذریعے مختلف ممالک کے حج حکام اور خدمات فراہم کرنے والے اداروں کو باہمی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے اور آئندہ حج سیزن کے لیے انتظامات کو آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔

پاکستانی وفد کی شرکت کا مقصد سعودی حکام کے ساتھ قریبی رابطے کے ذریعے حج 2027 کے انتظامات پیشگی مکمل کرنا، خدمات کے معاہدوں کو بروقت حتمی شکل دینا اور پاکستانی عازمین کو سعودی عرب آمد سے وطن واپسی تک محفوظ، آرام دہ اور بہتر حج سہولیات کی فراہمی کے لیے مؤثر اقدامات کو یقینی بنانا ہے۔
کانفرنس و نمائش عازمین کی خدمت کے لیے سعودی اعلی قیادت کی خصوصی توجہ کا تسلسل  اور حج خدمات کے نظام کو مزید بہتر بنانے اور معیار کو بلند کرنے کی کاوشوں کا حصہ ہے۔
واضح رہے گزشتہ برس ہونے والی کانفرنس و نمائش میں شرکت کرنے والوں کی تعداد 2 لاکھ سے زائد تھی جبکہ 150 سے زیادہ ممالک سے تعلق رکھنے 270 نمائش کنندگان شریک ہوئے۔ کانفرنس کے دوران 134 اجلاس اور ورکشاپس کا اہتمام کیا گیا۔

 

شیئر: