Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ کے باشندوں نے گندے پانی کے تالابوں سے نجات کا مطالبہ کردیا

جدہ۔۔۔ مشرقی جدہ کے 3 محلوں التیسیر، الریان اور الحمدانیہ کے باشندوں نے میونسپلٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں گندے پانی اور بدبودار تالابوں سے نجات دلائی جائے۔ بلدیاتی کونسل کی ایک کمیٹی نے اتوار کو عبداللہ المحمدی کی زیر صدارت کمیٹی نے اتوار کو تینوں محلوں کا دورہ کیا۔ مقامی شہریوں نے انتہائی دکھ اور افسوس کے ساتھ بلدیہ کے حکام کو بتایا کہ ہمارے یہاں جگہ جگہ گندہ پانی اُبل رہا ہے جس سے صحت مسائل بھی پیدا ہورہے ہیں اور ماحول آلودہ ہورہا ہے۔ بدبودار تالابوں کی وجہ سے مکھی، مچھر اور چوہے کثیر تعداد میں پیدا ہوگئے ہیں۔ الحمدانیہ کے باشندوں نے توجہ دلائی کہ ان کے یہاں ابھی تک گندے پانی کی نکاسی کا کوئی نظام نہیں ہے۔ جگہ جگہ گندہ پانی کھڑا نظر آتا ہے۔ سڑکیں، فٹ پاتھ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔ بجلی کے کھمبے گرے ہوئے ہیں۔ یہاں پارک نہیں ہیں۔ الجوہرہ اسٹیڈیم جانے والا پل نامکمل پڑا ہواہے۔ 4 برس سے ہم سب اس کی تکمیل کی گھڑیاں گن رہے ہیں۔ المحمدی نے مقامی شہریوں کے غصہ کو قابو کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ اطمینان رکھیں، بلدیاتی کونسل تمام متاثرہ محلوں کے مسائل حل کرے گی اور آپ سے ملنے کیلئے آنے کا فیصلہ اسی جذبے سے کیاگیا ہے۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ گزشتہ دنوں ان جیسے دیگر محلوں کے دورے کرکے مسائل دریافت کئے گئے تھے اور انہیں حل کردیا گیا۔ عوام کی شکایات حکام بالا تک پہنچا دی جاتی ہیں اور وہ انہیں پہلی فرصت میں حل کرنے کا اہتمام کرتے ہیں۔
 

شیئر: