Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ویمنز ٹی ٹوئنٹی سیریز: ویسٹ انڈیز نے دوسرا میچ سپر اوور میں جیت لیا

  کراچی:پاکستان اورویسٹ انڈیز کی ویمنز ٹیموں کے درمیان دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد میچ برابر ہونے پر سپر اوور کے ذریعے فیصلہ ہوا، جس کے دوران مہمان ٹیم نے کامیابی حاصل کر کے 3میچوں کی سیریز بھی0-2کی فیصلہ کن برتری سے جیت لی۔ویسٹ انڈیز نے سپراوور میں 18رنز بنا ئے جبکہ پاکستانی ٹیم جواب میں 3گیندوں پر2وکٹیں گنوا کر صرف ایک رن بنا سکی جس کے بعد مہمان ٹیم کو سپر اوور میں17رنز سے کامیاب قرار دے دیا گیا ۔شیمین کیپبل کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا جنہوں نے 41رنز بنائے تھے۔ پاکستانی کپتان بسمہ معروف نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن 4وکٹوں کے نقصان پر 132رنز ہی بنائے جا سکے ۔ اوپنر عمیمہ سہیل صفر پر آوٹ ہوئیں تاہم دوسری وکٹ پر کپتان بسمہ معروف نے جویریہ خان کے ساتھ 59 رنز کی شراکت قائم کی۔بسمہ نے 31 رنز بنا ئے جبکہ جویریہ خان کی انفرادی اننگز 26 رنز پر ختم ہوئی، ارم جاوید نے 18ر نز کا اضافہ کیا ۔پانچویں وکٹ کی ناقابل شکست شراکت میں ندا ڈار اور عالیہ ریاض نے 42 رنز کا اضافہ کرکے پاکستان کا اسکور مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں پر 132 رنز تک پہنچایا، ندا 25 اور عالیہ 23 رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہیں۔دیوندرا ڈوٹن نے2جبکہ شاکرہ سلمان اور ایفی فلیچر نے ایک، ایک وکٹ لی ۔ ویسٹ انڈ ین ویمنز ٹیم کی اوپنرز نے 30 رنز کا آغاز فراہم کیا ، ڈوٹن 22 اورکیسیا نائٹ 32 رنز بناکر آوٹ ہوئیں۔ تیسرے نمبر پر کھیلنے والی شیمین کیمپبل نے سب سے زیادہ41رنز بنائے جبکہ باقی بیٹرز میں سے کوئی بڑی اننگز نہیں کھیل سکی اور 20اوورز میں 6وکٹوں کے نقصان پر 132رنز کے ساتھ مجموعی اسکور برابر ہوگیا۔انعم امین نے 2ثنا ءمیر ، نشرا سندھو اور ایمن انور نے ایک، ایک وکٹ لی۔میچ کو فیصلہ کن بنانے کے لئے سپر اوور سے مدد لی گئی جس کے دوران ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹنگ کی اور ثنا ءمیر نے اوور کرایا جس میں دیوندرا ڈوٹن نے 2چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 18رنز بنا کر پاکستان کو 19رنز کا ہدف دیا ۔ ویسٹ انڈیز کا سپر اوور شاکرہ سلمان نے کرایا اور ابتدائی3گیندوں پر عالیہ ریاض اور ندا ڈار کو آوٹ کردیا، 2وکٹیں گرنے اور صرف ایک رن بننے پر سپر اوور وہیں ختم ہوگیا اور ویسٹ انڈیز کو سپر اوور کے17رنز کی بنیاد پر فاتح قرار دے دیا گیا ۔ تیسرا اور آخری میچ 2فروری کو کھیلا جائے گا۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو  نیوز اسپورٹس"جوائن کریں
 

شیئر: