Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیا چیف جسٹس کو دوبارہ حلف لینا ہوگا؟

پشاور:  سپریم کورٹ کے چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ سے دوبارہ حلف لینے کے لئے آئینی درخواست پشاور ہائی کورٹ میں دائر کی گئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق شاہد اورکزئی نے وفاقی حکومت کو فریق بناتے ہوئے درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ چیف جسٹس پاکستان آصف سعید کھوسہ نے 17 جنوری کو حلف لیا تاہم ان سے حلف صدر مملکت عارف علوی نے لیا ہے جبکہ اس سے ایک روز قبل صدر مملکت نے کراچی میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار کو ضمنی انتخابات میں ووٹ دیا تھا اور قانون کے تحت وہ چیف جسٹس آف پاکستان سے حلف نہیں لے سکتے کیونکہ وہ غیر جانبدار نہیں رہے۔ آئین کے تحت چیف جسٹس آف پاکستان سے وہی حلف لے گا جو غیر جانبدار ہو اور اس کا کسی سیاسی جماعت سے واسطہ نہ ہو۔
دائر کی گئی رِٹ میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ اس حوالے سے حلف اٹھانے کے دوران آئینی تقاضے پورے نہیں کیے گئے، لہٰذا چیف جسٹس آصف سید کھوسہ سے قانون کے تحت حلف لینے کے لئے اسپیکر کو نامزد کیا جائے ، حلف دوبارہ لیا جائے اور اس حوالے سے خصوصی احکامات جاری کیے جائیں۔

شیئر: