سعودی عرب کی دمشق کے کیفے میں بم دھماکے کی مذمت
دھماکے میں 9 افراد ہلاک جبکہ 20 زخمی ہوئے۔ (فوٹو: العربیہ نیوز)
سعودی وزارتِ خارجہ نے شام کے دارالحکومت دمشق کے علاقے الحجاز میں واقع ایک کیفے میں ہونے والے بم دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سعودی عرب ہرقسم کی پرتشدد کارروائیوں، انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف برادر ملک شام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔
بیان میں بم دھماکے میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین، شامی حکومت اور عوام سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دھماکے میں زخمیوں کی جلد و مکمل صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔
دریں اثنا العربیہ نیوز نے شامی وزارت داخلہ کے حوالے سے کہا ہے کہ دمشق کے وسطی علاقے میں واقع کیفے میں ہونے والے بم دھماکے میں 9 افراد ہلاک جبکہ 20 کے قریب زخمی ہوئے۔
شامی وزارتِ داخلہ کا کہنا تھا کہ ’ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ کیفے میں ہونے والے دھماکے میں ایک کلو گرام بم کا استعمال کیا گیا تھا، جس میں موجود دھاتی ٹکڑوں کے لگنے سے لوگ ہلاک و زخمی ہوئے، بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی سکیورٹی فورسزکی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لے لیا گیا۔
وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ فرانزک ٹیموں نے جائے وقوعہ کو اپنی تحویل میں لے کر تفتیش کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ سرویلنس کیمروں کی ریکارڈنگ کا جائزہ لینے کے علاوہ عینی شاہدین سے بات چیت بھی کی جارہی ہے۔