Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

الباحہ شہر کے تفریحی مقام پر جھولا گرنے سے 23 افراد زخمی

گورنریٹ نے حادثے کی فوری تحقیقات کا حکم دے دیا (فوٹو: ایکس اکاؤنٹ)
الباحہ شہر کے ایک تفریحی پارک میں جھولا گرنے سے 23 افراد زخمی ہو گئے، گورنریٹ کی جانب سے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے وسیع پیمانے پر تحقیقات کا حکم دے دیا گیا۔
اخبار 24 کے مطابق جھولا گرنے کی اطلاع ملتے ہی شہری دفاع اور ہلال احمر کی امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئی جنہوں نے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرتے ہوئے انہیں ہسپتال منتقل کیا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ حادثے میں کوئی ہلاکت نہیں ہوئی جبکہ تین افراد جنہیں معمولی زخم آئے تھے انہیں ابتدائی طبی امداد دے کر رخصت کر دیا گیا۔
زخمیوں کو ابھا اور خمیس مشیط کے ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا، جن میں سے ایک کی حالت نازک بتائی جاتی ہے جبکہ 5 کو درمیانے درجے کے زخم آئے اور 17 معمولی زخمی ہوئے۔
دریں اثنا گورنریٹ عسیر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حادثے کی تحقیقات کے لیے متعلقہ اداروں پر مشتمل ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے جو حادثے کے اسباب کی مکمل اور تمام پہلوؤں سے جانچ کرنے کے بعد تفصیلی رپورٹ پیش کریں گی۔

 

شیئر: