Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سپر اوور میں جانا ہماری غلطی تھی، پاکستانی کرکٹر جویریہ خان

کراچی: پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان جویریہ خان نے کہا ہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ کا سپر اوور تک پہنچنا ہماری غلطی تھی ،میچ ہمیں پہلے ہی جیت لینا چاہیے تھا۔مہمان ٹیم کے ہاتھوں دوسرے میچ میں شکست اور سیریز ہار نے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا ک سپر اوور تک نوبت نہیں پہنچنی چاہیے تھی۔ ہمارے پاس سنہری موقع تھا کہ ہم اس سے پہلے ہی میچ اپنے حق میں ختم کرتیں لیکن ایسا نہیں ہوسکا اور سپر اوور میں مقابلہ با لکل یکطرفہ ہو گیا۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ویسٹ انڈین ٹیم اورکھلاڑیوں کے ساتھ ہمار ا موازنہ درست نہیں، ہم اپنی خامیوں کو دور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔جویریہ خان نے یہ بھی کہا کہ ہمارا دیا گیا ہدف کم نہیں تھا لیکن آخری اوور میں میچ ہاتھ سے نکل گیا جس پر بہت افسوس ہے ۔دریں اثناء پی سی بی نے ویسٹ انڈیز ویمنز کرکٹ ٹیم کے بعد بنگلہ دیش اور انگلینڈ کی ٹیموں کو بھی دورہ پاکستان کی دعوت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔پی سی بی ویمنز ونگ کے جنرل منیجر شاہد اسلم کا کہنا ہے کہ ویسٹ انڈیز ویمنز ٹیم کا پاکستان آنا خوش آئند ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بنگلا دیش اور انگلینڈ کی ٹیموں کے ساتھ ہماری ہوم سیریز طے ہے جس کے کچھ میچز پاکستان میں بھی کرانے کا ارادہ ہے اور بورڈ ویمنز ٹیموں کو پاکستان بلانے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔شاہد اسلم نے بتایا کہ ہند کے ساتھ سیریز جولائی میں شیڈول ہے جس کا میزبان ہندوستان بورڈ ہے، یہ سیریز آئی سی سی چیمپیئن شپ کا حصہ ہے، ہندوستان ہمارے ساتھ کھیلنے سے انکار کرکے اپنے 4 اہم پوائنٹس ضائع کرچکا ہے۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو  نیوز اسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: