Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ : پاکستان انٹرنیشنل اسکول انگلش سیکشن میں ’’ماڈل یونائیٹڈ نیشنز کانفرنس‘‘

 تعلیم اور ماحولیاتی تبدیلی جیسے چیلنجز پر حکومتوں کو زیادہ توجہ دینے کی ضر ورت ہے ،دنیا کو محفوظ اورخوشحال بنانے کیلئے عالمی مسائل کو سمجھنا  ہوگا ، پرنسپل عدنان ناصر کا طلباء سے خطاب
کمیونٹی ڈیسک ۔جدہ
          معیاری درسگاہ وہی ہے جہاں معمارانِ مستقبل کو نہ صرف زیور تعلیم سے آراستہ کیاجائے بلکہ انہیں ملک کاذمہ دار شہری بننے کی تربیت بھی دی جائے۔پاکستان انٹرنیشنل اسکول ، انگلش سیکشن، معیار کے اعتبار سے اپنی مثال آپ ہے جہاں غیر نصابی سرگرمیوں کے ذریعے طلبہ و طالبات کو دور حاضر کے چیلنجوں سے نبردآزما ہونے کے قابل بنایاجاتا ہے۔اسی تناظر میں پاکستان انٹرنیشنل اسکول ، انگلش سیکشن میں ’’ماڈل یونائیٹڈ نیشنز کانفرنس‘‘کا انعقاد کیا گیا جوبلا شبہ اقوام متحدہ جیسے عالمی ادارے کی عکاسی کر رہی تھی۔ کانفرنس کا مقصد عالمی مسائل کے حوالے سے طلبہ و طالبات میں تد بر اور معاملہ فہمی جیسے اوصاف کو اجاگر کرنا تھا۔ کانفرنس کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ بعدازاںپاکستان اور سعودی عرب کے قومی ترانے بجائے گئے۔ اسکول کے آڈیٹوریم کو اقوام متحدہ کی اسمبلی کی طرح سجایاگیا تھا۔ کانفرنس میں طلبہ کے 63وفود نے شرکت کی جو پاکستان، ہند، سعودی عرب،چین، امریکہ  اور دیگر ممالک کی نمائندگی کر رہے تھے۔ جنرل اسمبلی کی صدر شجیہ کاشف ، سیکریٹری جنرل اسامہ قمر اور ڈپٹی سیکریٹری جنرل کے فرائض عماد اللہ نعیم نے انجام دیئے۔جبکہ ’’اکنامک اینڈ سوشل کونسل‘‘ میں چیئر پرسن مریم چھاپرا، کو چیئر پرسن عبداللہ فرحان تھے۔طلبہ نے موجودہ دور کے انتہائی اہم موضوعات پر مختلف ممالک کے افکار کے حوالے سے تحقیقی دلائل پیش کیے۔مذکورہ ممالک کے نمائندوں کی جانب سے انتہائی پرزور انداز میں دلائل پیش کیے گئے۔ انھوںنے اپنے موقف کی حمایت میں انتہائی مدبرانہ انداز میں توضیحات پیش کیں اور مخالف رائے پیش کرنے والوں کو بھی مستند اور مدلل جوابات دے کرقائل کرنے کی کوشش کی جس سے حاضرین بہت متاثر ہوئے۔ اس موقع پر پرنسپل عدنان ناصر نے کہاکہ ’’ماڈل یونائیٹڈ نیشنز کانفرنس‘‘ جیسی سرگرمیوں کا مقصد نہ صرف طلبہ و طالبات کو اپنے خیالات کے اظہار کا موقع فراہم کرنا ہے بلکہ اقوام متحدہ جیسے عالمی ادارے کے کام اور ماحول کو سمجھ کر عالمی مسائل اور چیلنجز سے بھی آشنا ہو سکیں ۔ان پروگرامز کے ذریعے انہیں صبرو تحمل، فہم و فراست، نظم و ضبط کے ساتھ ساتھ وسیع النظری اور ہر طرح کے نکتہ نظر کو قبول کرنے جیسے اوصاف کا حامل بنانا ہے کیونکہ آج کے یہ نوجوان وفود ہی مستقبل کے سفیر اور سفارتکار ہوں گے۔عدنان ناصرنے کہا کہ ہمیں دنیا کو محفوظ اور خوشحال بنانے کیلئے عالمی مسائل کو سمجھنا ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ آپ نوجوان ہی دنیا میں مثبت تبدیلی لا سکتے ہیں ۔ پائدار ترقی کے اہداف کے ضمن میں تعلیم اور ماحولیاتی تبدیلی جیسے چند چیلنجز ہیں جن پر حکومتوں کو آنے والی نسلوں کیلئے زیادہ توجہ دینے کی ضر ورت ہے ۔ ہمارا فرض ہے کہ ہم آنیوالی نسلوں کیلئے ایسی دنیاچھوڑ کے جائیں جو ہر لحاظ سے مثالی ہو ۔ آخرمیں پرنسپل نے ’’ماڈل یونائیٹڈ نیشنز کانفرنس‘‘ جیسا منفردپروگرام منعقد کرنے پر اسکول کے سینیئر طلبہ اور منتظمین کو مبارکباد پیش کی ۔
مزید پڑھیں:- - -  - - -پاکستان میں سنجیدہ سیاست کا دور ختم ہو چکا ہے ، اسفند یار ولی
  
 

شیئر: