Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہمارا موثر ہتھیار

سعودی عرب سے شائع ہونے والے اخبار ”الریاض“ کا اداریہ نذر قارئین ہے
  اس سچائی سے اختلاف ممکن نہیں کہ کتاب ہی کسی بھی ملک کے ثقافتی نظام میں آگہی کا پہلا وسیلہ اور ذریعہ ہے۔ کتاب ہی علم و معرفت اور فکر و ثقافت کے جذبے کو رائج کرنے والا کلیدی کھلاڑی ہے۔ کتاب ہی معاشرے کو علوم و معارف کا حفاظتی حصار عطا کرتی ہے۔ یہی آگہی ، بصیرت ، فکر اور تنقید کا سائبان مہیا کرتی ہے۔ یہی جمود اور بند گھیرے سے نکالتی ہے۔
اس میں کوئی شک نہیں کہ مختلف ممالک اپنے عوام کو تروتازہ رکھنے کیلئے کتابوں کا جشن مناتے ہیں۔ حقیقی قاری پیدا کرکے ملک و قوم کے تئیں فرائض کا شعور پیدا کرتے ہیں۔ عظیم چیلنجوں کا مقابلہ کتاب کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ جہالت کیلئے نئے معاشرے میں کوئی گنجائش نہیں۔ تاریخی کردارادا کرنے کیلئے نادانی سے بڑا کوئی دشمن نہیں۔
مختلف ممالک میں کتابوں کی نمائشیں سال کے مختلف اوقات میں منعقد کی جاتی رہتی ہیں۔سعودی عرب بین الاقوامی کتب میلوں میں شرکت کرکے مثبت صدائے باز گشت پیدا کررہا ہے۔ بین الاقوامی کتب میلو ںمیں سعودی عرب کی شرکت ارض الحرمین شریفین کی حقیقی تصویر اجاگر کررہی ہے۔ قاہرہ کے کتب میلے میں سعودی عرب کا اسٹال فکر و نظر اور کتابوں کے پروانوں میں پذیرائی حاصل کررہا ہے۔ اس موقع پر ایک اہم بات یہ کہنی ہے کہ کتاب ہی ہر محفل میں اپنے وجود اور اپنے موثر ہونے کا عملی اعلان ہے۔ تمام تر تبدیلیوں کے باوجود یہ بات بلا خوف تردید کہی جاسکتی ہے کہ کتاب ہی معاشروں کا ستون اور تہذیب و تمدن کے معمار کا کردارادا کرتی رہیگی۔ یہی عصر حاضر کے ہر دباﺅاور ہر ضرب کے سامنے پہلی دفاعی لائن کا کردار انجام دیتی رہیگی۔ ایسے عالم میں جبکہ انتہا پسندی ، شدت پسندی اور فریق ثانی کو دیوار سے لگانے کی طوفانی ہوائیں چل رہی ہیں اور فکر ونظر کو زندہ درگور کرنے والے امراض وباﺅ ںکی شکل میں پھیل رہے ہیں ایسے عالم میں انسانی ذہن اور اس کے دماغ کو متوازن رکھنے، بنانے کے سلسلے میں کتاب ہی کا کردار کلیدی ہے۔ یہی ہر طرح کے فکری معرکوں کو سر کرنے والا موثر ہتھیارہے۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
 

شیئر: