Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عامر خان پاکستان میں باکسنگ کو تباہ کر رہے ہیں، حسین شاہ

کراچی:اولمپکس میں پاکستان کیلئے باکسنگ میڈل جیتنے والے معروف سابق باکسر حسین شاہ نے کہا ہے کہ برطانوی باکسر عامر خان کو پاکستان میں باکسنگ کے فروغ یا ترقی سے کوئی دلچسپی نہیں وہ صرف پیسہ کمانے کیلئے پاکستانی کی باکسنگ کو تباہ کر رہے ہیں۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو کراچی میں کہی۔ جاپان منتقل ہو جانے والے حسین شاہ کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کے ان ڈور جمنازیم کو سابق صدر پرویز مشرف نے مجھ سے منسوب کیا تھا جسے اب ایسے باکسر کے حوالے کر دیا گیا ہے جس نے کبھی پاکستان کی نمائندگی نہیں کی اور بڑا المیہ یہ ہے کہ اس کے نام سے نیشنل ٹورنامنٹ بھی ہو گیا۔ دوسری جانب دنیا بھر میں پاکستان کا نام باکسنگ میں روشن کرنے والے پروفیسر انور چوہدری اور میجر عبدالرشید کا نام ان کے ساتھ ہی دفن کر دیا گیا ہے اور ان کی تمام خدمات فراموش کر دی گئیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ محکمہ کھیل سندھ کی جانب سے ایک مخصوص باکسنگ لابی کو گزشتہ کئی سال سے مسلسل مالی امداد دینے کی تحقیقات کی جائے۔ کے الیکٹرک اور کے پی ٹی کی باکسنگ ٹیمیں بھی بحال کی جائیں۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو  نیوز اسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: