Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹی ٹوئنٹی رینکنگ: پاکستان ٹیم اور بابر اعظم بدستور سرفہرست

دبئی:پاکستان اور جنوبی افریقہ کے بعد ہند اور نیوزی لینڈ کی ٹی ٹوئنٹی سیریز ختم ہونے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹی ٹوئنٹی کی نئی رینکنگ جاری کردی ۔ پاکستان ٹیم سیریز ہارنے کی وجہ سے 3 پوائنٹس کی تنزلی کے باوجود پہلی پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب ہے۔ بابر اعظم بھی بیٹسمینوں میں سر فہرست ہیںاور اوپنر فخر زمان چھٹے نمبر پر ہیں۔ بولرز میں آل راونڈر عماد وسیم5درجے ترقی کرکے چوتھے نمبر پر آگئے ہیں تاہم شاداب خان کی تنزلی ہو گئی اور وہ اب ایک درجہ نیچے جاکرتیسرے نمبرپر ہیں جبکہ فہیم اشرف بھی ٹاپ 10 میں شامل ہیں اور ان کا رینکنگ میں 9واں نمبر ہے۔ نوجوان بولر شاہین شاہ نے بھی کیریئر کی بہترین رینکنگ حاصل کی،ہندوستانی بولر کلدیپ یادیو کیریئر کی بہترین رینکنگ کے ساتھ دوسرے نمبر پر آگئے ۔ بیٹنگ کے شعبے میں بابراعظم 885 پوائنٹس کے ساتھ بدستور پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں، نیوزی لینڈ کے کولن منرو دوسری، آسٹریلیا کے ایرون فنچ تیسری اور ویسٹ انڈیز کے ایون لیوس چوتھی پوزیشن پر موجود ہیں۔فخر زمان ایک درجہ تنزلی کے بعد پانچویں سے چھٹی پوزیشن پر چلے گئے ، آسٹریلیا کے گلین میکسویل نے ایک درجہ ترقی حاصل کی۔ بولنگ کے شعبے میں افغانستان کے راشد خان 793 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہیں، ہند کے کلدیب یادیو ایک درجہ ترقی پا کر دوسری پوزیشن پر پہنچ گئے اور شاداب خان ایک درجہ تنزلی کے بعد تیسری پوزیشن پر چلے گئے۔شاہین شاہ آفریدی، جنوبی افریقہ کے بیورن ہینڈرکس اور نیوزی لینڈ کے ٹم سیفریٹ نے کیریئر کی بہترین رینکنگ حاصل کی۔شاہین شاہ آفریدی 28 درجے بہتری کے ساتھ 48 ویں نمبر پر آگئے۔عماد وسیم نے 5 درجہ ترقی پائی اور چوتھی پوزیشن سنبھال لی، اسی طرح انگلینڈ کے عادل راشد ایک درجے تنزلی کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر ہیں جبکہ فہیم اشرف نویں نمبر پر موجود ہیں۔5بہترین آل راونڈرز کی فہرست میں پاکستان کا کوئی کھلاڑی شامل نہیں۔ آل راونڈرز میں گلین میکسویل پہلی، شکیب الحسن دوسری، محمد نبی تیسری، محمد اللہ چوتھی اور تھسارا پریرا پانچویں پوزیشن پر موجود ہیں۔ ٹیم رینکنگ میں 3پوائنٹس کی کمی کے باوجود پاکستان 135 پوائنٹس کے ساتھ بدستور پہلی پوزیشن پر براجمان ہے۔نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد ہند کے بھی2پوائنٹس کم ہوگئے اور 124 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے جبکہ جنوبی افریقہ کی ٹیم سیریز جیت کر4 پوائنٹس حاصل کرتے ہوئے 118 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر آگئی۔انگلش ٹیم 118 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے، آسٹریلیا 117 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں اور نیوزی لینڈ کی ٹیم 4 درجے ترقی پاکر 116 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو  نیوز اسپورٹس"جوائن کریں
 

شیئر: