Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیر اعلی پنجاب کی مسجد نبوی میں حاضری، مولانا عبدالخبیر سے ملاقات

حرمین شریفین کیلئے سعودی حکومت نے کارنامے ہمیشہ زندہ رہیں گے، عثمان بزدار
 جدہ ( ارسلان ہاشمی )وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز ضیوف الرحمان کی جس طرح خدمت کر رہے ہیں اس کی مثال نہیں ملتی ۔ وہ اپنے اہل خانہ کے ہمراہ نجی دورے پر مدینہ منورہ پہنچے جہاں انہو ںنے مسجد نبوی الشریف میں نوافل اد ا کئے ، روضہ رسول پر سلام پیش کیا اور ملک کی سلامتی و استحکام کےلئے خصوصی دعا بھی کی ۔ اس موقع پر مدینہ منورہ میں پہلے سے موجود بادشاہی مسجد لاہور کے امام و خطیب اور چیئر مین مجلس علماءپاکستان مولانا عبدالخبیر آزاد سے بھی مقامی ہوٹل میں خصوصی ملاقات کی۔ مولانا عبدالخبیر نے وزیر اعلی پنجاب کو مدینہ منورہ حاضری پر نیک تمناﺅں کا اظہار کیا ۔ عبدالخبیر نے عثمان بزدار سے مختلف امور پر تبادلہ خیال بھی کیا ۔ وزیر اعلی پنجاب نے مدینہ منورہ میں مقیم پاکستانی صحافیوں سے بھی ملاقات کی اور انہیں موجودہ حکومت کی جانب سے کئے جانے والے ترقیاتی امور کے بارے میں آگاہ کیا ۔ ایک سوال پر وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ پاکستان مضبوط ہاتھوں میں ہے ۔ ہماری حکومت ملک و قوم کی بہتری کےلئے کام کررہی ہے ۔ حرمین شریفین کی توسیع کے حوالے سے عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت نے مثالی ترقیاتی کام کئے ہیں جو تاریخ میں ہمیشہ زندہ رہیں گے ۔ انہوں نے حرمین شریفین کی توسیع اور ضیوف الرحمان کو فراہم کی جانے والی خدمات کو سراہا۔ وزیر اعلی پنجاب اپنے اہل خانہ کے ہمراہ عمرہ کی ادائیگی کےلئے مکہ مکرمہ روانہ ہو گئے ۔ 

شیئر: