Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سپریم کورٹ کا تعلق نہیں‘ چیف جسٹس نے میمو گیٹ کیس نمٹا دیا

اسلام آباد:  عدالت عظمیٰ نے امریکا میں سابق پاکستانی سفیر حسین حقانی کے خلاف میموگیٹ اسکینڈل کیس نمٹا دیا۔ ذرائع کے مطابق چیف جسٹس سپریم کورٹ آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے میموگیٹ اسکینڈل کیس کی سماعت کی، اس دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ 8 سال سے کیس التوا کا شکار ہے، اگر درخواست گزار ہی نہیں آ رہے تو ہم کیوں اپنا وقت ضائع کریں۔
نجی ٹی وی کے مطابق چیف جسٹس نے دوران سماعت کہا کہ کیس پڑھ کر حیرت ہوئی، مملکت خداداد پاکستان اتنی کمزور نہیں کہ ایک میمو سے لڑ کھڑا جائے۔حسین حقانی کی گرفتاری یا حوالگی ریاست کا معاملہ ہے ، سپریم کورٹ کا کیس سے فی الحال کوئی تعلق نہیں رہا۔ بعد ازاں عدالت نے سماعت کے بعد میمو گیٹ اسکینڈل کیس نمٹادیا۔ واضح رہے کہ 2011ء میں امریکا نے ایبٹ آباد میں ایک گھر پر حملہ کرکے القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کو قتل کردیا تھا، جس کے بعد اس وقت امریکا میں پاکستان کے سفیر حسین حقانی کی جانب سے امریکی تاجر منصور اعجاز کی وساطت سے امریکی حکام کو مبینہ طور پر ایک خط بھیجا گیا تھا۔ جس میں کہا گیا تھا کہ آپریشن کے بعد پاکستان میں فوجی بغاوت کا خطرہ ہے، اس لیے امریکا پاکستان میں برسراقتدار جمہوری حکومت کی مدد کرے۔ جس پر نواز شریف سمیت کئی افراد نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا اور 2012ء کے بعد سے یہ کیس التوا کا شکار ہے جبکہ اس عرصے کے دوران حسین حقانی بھی امریکا فرار ہوچکے ہیں جنہیں واپس لانے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
 

شیئر: